0
Thursday 10 Jun 2021 19:34

بدترین لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے جھوٹ ثابت ہوچکے ہیں، میاں ذکر اللہ مجاہد

بدترین لوڈشیڈنگ سے حکومتی دعوے جھوٹ ثابت ہوچکے ہیں، میاں ذکر اللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سخت گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کا برا حال کر دیا ہے۔ فنی خرابی اور فالٹ کے نام پر کئی کئی گھنٹے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا تعطل سنگین مسئلہ بن چکا ہے، وفاقی حکومت اور لیسکو حکام کے شہر میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے بلند و بانگ دعوے جھوٹ ثابت ہوچکے ہیں۔ عوام سخت گرمی سے بلک رہے ہیں اور بچے بے ہوش ہو رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ ائیرکنڈیشن کمروں میں بیٹھا بے تحاشہ مہنگی بجلی کے بلوں سے عوام کا خون نچوڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹ لکھپت زون کے عہدیداران کے اجلاس میں لاہور بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور خالد احمد بٹ، صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور انجینیئر حماد رشید، امیر زون 166 حافظ محمود احمد، سیکرٹری زون خورشید چوہان، مغیث شاہد قریشی و دیگر عہدیداران موجود تھے۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ سخت گرمی میں عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ صوبائی دارالحکومت میں دن رات بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کی وجہ سے معیشت، تجارت و دیگر معمولات زندگی شدید متاثر ہیں، پینے کا پانی کئی علاقوں میں نایاب ہو چکا ہے۔ اللہ اللہ کرکے تعلیمی سلسلہ اگر بحال ہو ہی گیا تھا تو بجلی کی لوڈشیڈنگ نے بچوں کو بدترین حالات کا شکار کر دیا ہے۔ سکولوں میں بچے حبس اور گرمی سے بے ہوش ہو رہے ہیں۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص سراپا احتجاج ہے۔ حکمران اور لیسکو کے افسران ایئرکنڈیشنڈ کمروں اور ٹی وی پروگرامز کے سحر سے نکل کر حقیقت کا سامنا کریں کہ عوام سخت گرمی میں بغیر بجلی کے کس اذیت سے دوچار ہے۔
خبر کا کوڈ : 937351
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش