QR CodeQR Code

ملتان، پیپلزپارٹی کے بنیادی اور حقیقی کارکنوں کی یوسف رضا گیلانی سے ملاقات، تحفظات سے آگاہ کیا

10 Jun 2021 22:57

 سینٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا میں جب 1987ء میں کراچی میں محترمہ بینظیر بھٹو سے ملا اور کابینہ سے اپنا استعفیٰ محترمہ بینظیر بھٹو کے حوالے کیا تو بی بی شہید نے مجھے بہادر کہا، اس وقت سے لیکر آج تک میں اور میرے بچے پیپلزپارٹی کے کام کر رہے ہیں، بلکہ PDM ملتان کے جلسے کی کامیابی میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور میرے بچوں کی بھرپور کاوشیں شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق وزیراعظم و سینٹ میں قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کارکن پیپلزپارٹی کا حقیقی سرمایہ ہیں جنہیں کسی طرح بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، ہم انشااللہ کارکنوں کے تحفظات دور کریں گے اور کارکنوں کی ملاقات چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے کرائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیلانی ہاوس ملتان میں پیپلزپارٹی کے بنیادی کارکنوں کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ جس کی قیادت ملک قدیر الحسن نے کی، جبکہ وفد کی سرپرستی سٹی صدر ملک نسیم لابر، سابق ایم پی اے عثمان بھٹی، ملک شکیل لابر، میر احمد کامران مگسی، رضوان ہانس نے کی۔ وفد نے سید یوسف رضا گیلانی کی موجودگی میں کھل کر اپنے اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملتان شہید بھٹو کا شہر ہے مگر کچھ عرصہ سے پارٹی کے بنیادی اور حقیقی کارکنوں کی آواز کو نظرانداز کر دیا گیا، ہم بھٹو کا ملتان واپس لینا چاہتے ہیں، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے تمام شرکا وفد کو کہا وہ کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کریں جس پر سب نے کھل کر پارٹی کو فعال بنانے کے حوالے سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا جس کا یوسف رضا گیلانی نے خیرمقدم کیا۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا میں جب 1987ء میں کراچی میں محترمہ بینظیر بھٹو سے ملا اور کابینہ سے اپنا استعفیٰ محترمہ بینظیر بھٹو کے حوالے کیا تو بی بی شہید نے مجھے بہادر کہا، اس وقت سے لیکر آج تک میں اور میرے بچے پیپلزپارٹی کے کام کر رہے ہیں بلکہ PDM ملتان کے جلسے کی کامیابی میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور میرے بچوں کی بھرپور کاوشیں شامل ہیں، جب میں نے بی بی کی ہدایت پر وزارت سے استعفی دے کر پارٹی میں شمولیت اختیار کی تو سب سے پہلے خونی برج ملتان کے جلسے عام میں پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا، اس جلسے کا اہتمام پیپلزیوتھ کے صدر میر احمد کامران مگسی کی قیادت میں ان کی ٹیم نے کیا اور جلسے میں ملک الطاف علی کھوکھر، ملک مختار احمد اعوان، راجہ عبدالغفار اور دیگر رہنماوں نے بھی شرکت کی اور میرا بھرپور استقبال کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کارکنوں سے کہا کہ وہ مایوس نہ ہوں انشااللہ ہم سب مل کر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور انشااللہ آپ سب کی ملاقات بلاول بھٹو زرداری سے کراوں گا اور آپ کو ان کے سامنے تحفظات کے اظہار کا بھی موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 937388

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937388/ملتان-پیپلزپارٹی-کے-بنیادی-اور-حقیقی-کارکنوں-کی-یوسف-رضا-گیلانی-سے-ملاقات-تحفظات-آگاہ-کیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org