QR CodeQR Code

مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو منصب اور دولت کا حریص قرار دیدیا

11 Jun 2021 15:38

ایبٹ آباد میں میڈیا سے گفتگو میں جے یو آئی کے رہنماء نے کہا کہ پی ڈی ایم اور حکومت پر ایک ہی قوت کے ہاتھ ہیں، پی ڈی ایم کا مقصد قومی نہیں بلکہ ذاتی ہے، ہم دستور کے مطابق جے یو آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، اب جو کچھ ہورہا ہے وہ صداقت اور دیانت سے خالی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے رہنماء مولانا محمد خان شیرانی نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ مولانا فضل الرحمان کی جانب کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں پیر عالم زیب شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا شیرانی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پارٹی کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پارٹی میں کسی قسم کی دھڑے بندی نہ ہو۔ مولانا شیرانی نے مولانا فضل الرحمان کو منصب اور دولت کا حریص قرار دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں مولانا شیرانی نے کہا کہ پی ڈی ایم اور حکومت پر ایک ہی قوت کے ہاتھ ہیں، پی ڈی ایم کا مقصد قومی نہیں بلکہ ذاتی ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں اسلامی نظریاتی کونسل کے سابق چیئرمین اور جمعیت علما اسلام کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے فضل الرحمان گروپ سے علیحدگی اختیار کر کے جے یو آئی پاکستان کو متحرک کرنے کا اعلان کیا تھا۔

مولانا شیرانی کا کہنا تھا کہ ہم دستور کے مطابق جے یو آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے، اب جو کچھ ہورہا ہے وہ صداقت اور دیانت سے خالی ہے، جمعیت علما پاکستان کی دعوت کا محور سچ بولو اور سچ کا ساتھ دو ہے۔ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ’نبی ﷺ فرماتے ہیں جھوٹ انسانوں کو تباہی گڑھے میں دھکیل دیتا ہے، اس لیے ہم کسی جھوٹ کا ساتھ نہیں دے سکتے، اپنے ساتھیوں کو ترغیب دلائیں گے کہ جماعت کے ساتھ رابطے نہ توڑیں، متحرک ہوں اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے لیے کام کریں۔


خبر کا کوڈ: 937499

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937499/مولانا-شیرانی-نے-فضل-الرحمان-کو-منصب-اور-دولت-کا-حریص-قرار-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org