0
Friday 11 Jun 2021 22:25

اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کو مسترد کر دیا

اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کو مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت کی طرف سے پیش کیے گئے بجٹ کو اپوزیشن جماعتوں نے مسترد کر دیا ہے۔ بجٹ اجلاس کے بعد پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ حکومت نے غلط اعداد و شمار دیئے اور جھوٹے دعوے کیے، ملک میں غریب مر رہا ہے اس کو ایک وقت کی روٹی نہیں مل رہی اور یہ کہہ رہے ہیں کہ معیشت ترقی کر رہی ہے، ملک کے اندر غربت اور بے روزگاری کا دور دورہ ہے۔ آج بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، اس حکومت کو بجٹ پاس کروانے کے خلاف ٹف ٹائم دیں گے، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں گے، ہم نے عدم اعتماد پر مشاورت کی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شوکت ترین کی طرف سے پیش کیا گیا بجٹ ایسا لگتا ہے جیسے کسی اور ملک کا ہو، وزیر خزانہ کسی اور ملک کی معیشت کی بات کر رہے تھے، ایسا ملک جہاں تاریخی غربت، تاریخی مہنگائی اور تاریخی بے روزگاری کا عوام کو سامنا ہو اس ملک کا وزیراعظم اور وزیر خزانہ اٹھ کر معاشی ترقی کی جو بات کرتے ہیں اس میں زیادہ وزن نہیں ہوتا۔ بجٹ عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔ بلاول کا کہنا ہے کہ ہم نے وعدے کے مطابق تمام اراکین قومی اسمبلی بجٹ کا راستہ روکنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے حوالے کر دیئے، حکومت کے خلاف شہبازشریف جس طرح مرضی ہمارے اراکین کے ووٹ استعمال کریں۔ دوسری طرف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا غفور حیدری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے کسی ترقیاتی منصوبے کا اعلان نہیں کیا گیا، تنخواہوں کے معاملے پر ملازمین کے ساتھ ہیں، مطالبات سینیٹ میں بھی اٹھائیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 937559
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش