0
Monday 22 Aug 2011 22:36

لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم شہادت علی ع کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر

لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم شہادت علی ع کے جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر
لاہور:اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے دوسر ے علاقوں کی طرح یوم شہادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں جلوس شبیہہ تابوت اور روضہ مبارک پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گئے۔ کہیں کسی  ناخوشگوار  واقعہ کی رپورٹ نہیں ہوئی۔ جلوس کے مقررہ راستوں میں پولیس اور سول انتظامیہ نے سخت حفاظتی اقدامات کر رکھے تھے۔
لاہور میں چھوٹے جلوسوں کے ساتھ ساتھ مرکزی روایتی جلوس مبارک حویلی اندرون شہر موچی گیٹ سے صبح نو بجے برآمد ہوا۔ جو اپنے مقررہ راستوں چوک نواب صاحب، چوہٹہ مفتی باقر، کشمیری بازار، پانی والا تالاب، مسجد وزیر خان سے ہوتا ہوا چوک رنگ محل پہنچا۔ جہاں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام نماز ظہرین علامہ حیدر علی الموسوی کی امامت میں ادا کی گئی۔
نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حیدر علی الموسوی نے امت مسلمہ میں اتحاد و اتفاق پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایجنٹ مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کرکے اسلام کی قوت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداری ہماری شہہ رگ حیات ہے۔ جو یزیدیت کو پسند نہیں۔ حیدر علی الموسوی نے کہا کہ خودکش حملے اور فائرنگ عزاداری کے جلوسوں کو روک نہیں سکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ سال یوم علی علیہ السلام پر تین خودکش حملوں کے ملزموں کو فوری گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔
نماز ظہرین کی ادائیگی کے بعد چوک رنگ محل میں عزاداران امام عالی مقام نے ماتمداری، نوحہ خوانی اور زنجیر زنی کر کے اہل بیت اطہار سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔ جلوس کے تمام راستوں میں عزاداری جاری رکھتے ہوئے شبیہہ مبارک کو شام مغربین سے پہلے بیرون بھاٹی گیٹ کربلا گامے شاہ میں پہنچایا گیا ۔ یہاں کربلا گامے شاہ کے بڑے اجتماع کی سخت سکیورٹی کی گئی تھی۔ پولیس کی بھاری نفری تمام داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات تھی۔ جلوس کے شرکاء کو تین مقامات پر چیک کرکے شرکت کی اجازت دی جاتی۔ 
خبر کا کوڈ : 93761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش