QR CodeQR Code

مودی نے ملک کا وقار گھٹایا ہے، پرینکا گاندھی

12 Jun 2021 17:51

کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری نے کہا پوری دنیا حکومت کرنے کی ان کی اہلیت کو پہچانتی ہے، ملک کے عوام کو انہوں نے جو سبز باغ دکھائے تھے، ان کی قلعی کھل چکی ہے اور یہی درست وقت ہے کہ مودی سے پوچھا جائے کہ ملک کی بدحالی کیلئے ذمہ دار کون ہے۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے نریندر مودی پر براہ راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے لئے ایڈورٹیزمنٹ سسٹم (نظامِ اشتہار) کے طور پر کام کرتی ہے اور کورونا وبا کے دوران انہوں نے جو کردار ادا کیا، اس سے ملک کا وقار کم ہوا ہے۔ پرینکا گاندھی نے اپنی حکومت مخالف مہم ’ذمہ دار کون‘ کے تحت ہفتے کے روز یہاں جاری ایک بیان میں مودی کو نا اہل وزیراعظم اور ناکام حکمراں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے اشہتار پر زیادہ بھروسہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی ڈرپوک شخص کی طرح برتاؤ کرتے ہیں اور انہوں نے ملک کے وقار کو زک پہنچایا ہے، ان کے لئے ملک کے شہری نہیں بلکہ سیاست اہم ہوتی ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی کے لئے سچ کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے اور اس کی وجہ ہے کہ وہ پروپیگنڈہ پر زیادہ یقین کرتے ہیں۔ کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری نے کہا پوری دنیا حکومت کرنے کی ان کی اہلیت کو پہچانتی ہے، ملک کے عوام کو انہوں نے جو سبز باغ دکھائے تھے، ان کی قلعی کھل چکی ہے اور یہی درست وقت ہے کہ مودی سے پوچھا جائے کہ ملک کی بدحالی کے لئے ذمہ دار کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو وبا کے خلاف بہادری سے لڑنا چاہیے تھا لیکن انہوں نے کورونا سے لڑنے کے لئے کسی کا مشورہ نہیں تسلیم کیا اور تکبر کے سبب ماہرین کی رائے کو بھی نظر انداز کر دیا جس کا خمیازہ ملک کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 937704

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937704/مودی-نے-ملک-کا-وقار-گھٹایا-ہے-پرینکا-گاندھی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org