QR CodeQR Code

ایم پی اے زہرا نقوی کا معصومہ قم کے یوم ولادت پر تہنیتی پیغام

12 Jun 2021 20:23

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا نے حضرت زینب علیا سلام اللہ علیہا کی طرح اپنے پر برکت سفر میں حقیقی پیشواؤں کی حقانیت کے سلسلے میں امامت کی سند پیش کر دی اور مامون کے چہرے سے مکر و فریب کی نقاب نوچ لی، کربلا کی شیر دل خاتون کی طرح اپنے بھائی کے قاتل کی حقیقت کو طشت از بام کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ روز ولادت با سعادت دختر امام موسی کاظمؑ، خواہر امام علی ابن موسی الرضاؑ حضرت فاطمۃ المعصومہ کے پُرمسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ میلاد مسعود جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کہ موقع پر تمام اہل اسلام بالخصوص امام زمان عج کی خدمت اقدس میں ھدیہ تبریک پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کریمان اہلبیت علیھم السلام میں کریمہ اہلبیتؑ کا لقب پانے والی باعظمت بی بی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا فضائل و مراتب و مقامات عالیہ کا مظہر ہیں۔ معصومین علیہم السلام کی روایات آپ سلام اللہ علیہا کیلئے نہایت اونچے مقامات و مراتب کی دلیل ہیں۔

انہوں نے کہا بی بی معصومہ سلام اللہ علیہا نے حضرت زینب علیا سلام اللہ علیہا کی طرح اپنے پر برکت سفر میں حقیقی پیشواؤں کی حقانیت کے سلسلے میں امامت کی سند پیش کر دی اور مامون کے چہرے سے مکر و فریب کی نقاب نوچ لی، کربلا کی شیر دل خاتون کی طرح اپنے بھائی کے قاتل کی حقیقت کو طشت از بام کر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کریمہ اہلبیتؑ کے حرم کی زیارت زمانے کی غبار آلود فضا میں امید کی کرن ہے آپ کے حرم کی زیارت گناہوں سے آلودہ دلوں کیلئے پاکیزگی اور نورانیت کا موجب اور جنت کی ضمانت ہے لاکھوں زائرین آپ کے حرم مقدس کی زیارت کیلئے حاضر ہوتے ہیں اور اپنا دامن مرادوں سے بھر لے جاتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 937721

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937721/ایم-پی-اے-زہرا-نقوی-کا-معصومہ-قم-کے-یوم-ولادت-پر-تہنیتی-پیغام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org