0
Saturday 12 Jun 2021 20:51

گلگت بلتستان، ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے خصوصی باب نصاب تعلیم میں شامل کرنے کا فیصلہ

گلگت بلتستان، ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے خصوصی باب نصاب تعلیم میں شامل کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی، جی بی کے جنگلات اور گلیشئرز سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ جی بی کا سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) تیاری کے مراحل میں ہے۔ تمام صوبائی وزراء کو ہدایت دی ہے کہ جنگلات، شجرکاری، سوشل فارسٹری کے منصوبوں کو اپنے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کریں تاکہ ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بچا جا سکے۔ توانائی کے متبادل ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے جنگلات کا کٹاؤ ہوتا ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے متبادل توانائی کے ذرائع متعارف کرانے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔

خالد خورشید نے کہا کہ وزراء کو متبادل توانائی کے ذرائع فراہم کرنے کیلئے متعلقہ حلقوں میں مائیکرو ہائیڈرل کے منصوبے اے ڈی پی میں شامل کرنے کیلئے کہا گیا ہے تاکہ جنگلات کے کٹاؤ کو روکا جا سکے۔ خالد خورشید نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان ماحولیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کیلئے پرعزم ہے اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے میں ایک کروڑ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ مختلف سطح پر آگاہی پروگرام کئے جا رہے ہیں۔ سکولوں کی سطح پر بنیادی نصاب تعلیم میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خصوصی باب نصاب میں شامل کیا جا رہا ہے تاکہ ابتداء سے ہی ماحولیات کے تحفظ کیلئے بچوں میں آگاہی پیدا کی جا سکے اور معاشرے کا ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی کے مابین ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آب پاشی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی۔

ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے خصوصی باب بنیادی تعلیمی نصاب میں لازمی شامل کیا جائے گا تاکہ بچوں کو پلاسٹک اور دیگر ماحولیات کے مضر اشیاء کے حوالے سے آگاہی دی جا سکے۔ بغیر منصوبہ بندی کے بڑے پیمانے پر کنکریٹ کی تعمیرات سے علاقے کا قدرتی حسن اور ماحولیات پر برے اثرات مرتب ہو رہے ہیں جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گرین کوڈز بنائے جائیں گے اور وفاقی وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے بنائے گئے گرین کوڈز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ حکومتی لینڈ پر مستقل تعمیرات کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی تاکہ مقامی ایکو (ECO) سسٹم کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ خنجراب نیشنل پارک میں مستقل تعمیرات کی گئی ہے جس کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔

صوبائی سیکریٹری جنگلات کو ہدایت کی گئی ہے کہ خنجراب پاس میں پاکستان گیٹ کی تعمیر کیلئے ماہرین کے تعاون سے ڈیزائن تیار کریں اور محکمہ ماحولیاتی تبدیلی کے ساتھ مشاورت کریں۔ وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیر اعلیٰ کے خصوصی اقدامات کو سراہتے ہوئے ان اقدامات ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کیلئے مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کیلئے شمسی توانائی کے بھی منصوبوں پر بھی توجہ دی جائے۔ وفاقی وزارت ماحولیاتی تبدیلی حکومت گلگت بلتستان کیساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گی۔
خبر کا کوڈ : 937727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش