0
Saturday 12 Jun 2021 22:34

بلوچستان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ جاری ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی

بلوچستان میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ جاری ہے، مولانا عبدالحق ہاشمی
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کوئٹہ سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ واپڈا حکام کی نااہلی کی وجہ سے بلوچستان میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جو صوبائی حکومت، کیسکو، واپڈا حکام اور منتخب نمائندوں کی ناکامی و نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بلوچستان حکومت کو چاہیئے کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنا کر عوام کو ذہنی کوفت و پریشانی سے نجات دلائے اور زراعت اور معیشت کی ترقی کا سبب بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیسکو نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا ہے، ایک طرف لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوتی، دوسری طرف اوور بلنگ اور وولٹیج کی کمی بیشی کی شکایات بھی مسلسل بڑھتی جا رہی ہیں۔ کیسکو کے تیز میٹرز چیک کرنے والا کوئی غیر جانبدار ادارہ موجود نہیں اور پریشان حال عوام کی پکار سننے والا کوئی نہیں۔ بلوچستان سے منتخب ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان بلوچستان کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے اور مزید بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں اور شہروں میں کیسکو واپڈا نے شہریوں اور عوام الناس کی رات کی نیند اور دن کا چین غائب کر دیا ہے۔ شدید گرمی میں رات کے دوران بھی کئی علاقوں و شہروں میں بجلی بند کر دی جاتی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں دن بھر کئی گھنٹے بجلی بند اور وولٹیج میں کمی بیشی کر دی جاتی ہے، جس سے بجلی سے چلنے والے قیمتی آلات اور مشینز جل جاتی ہیں۔ بلوچستان میں بجلی کا استعمال دیگر صوبوں سے بہت کم ہوتا ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ بہت زیادہ ہے۔ یہ سب ہمارے منتخب نمائندوں اور صوبائی حکومت کی نااہلی، ناکامی، غفلت اور کوتاہی کی وجہ سے ہو رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 937754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش