QR CodeQR Code

عبداللہ بن زائد کے ذریعے حماس کو دہشتگرد کہلوانے کا مغربی اقدام قومی و عربی روایات کیخلاف ہے، حازم قاسم

13 Jun 2021 16:09

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان نے اماراتی وزیر خارجہ کیجانب سے امریکی یہودی کمیٹی کو دیئے گئے انٹرویو میں حماس کو دہشتگرد قرار دیئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے کہ یہ بیان شکست خوردہ صیہونی پروپیگنڈے کا ہی ایک حصہ اور عرب روایات کیخلاف ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے اماراتی وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد کی جانب سے حماس کو دہشتگرد قرار دیئے جانے کو مغربی ممالک کی سازش اور صیہونی پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے پیغام میں حازم قاسم نے لکھا ہے کہ عبداللہ بن زائد کے ذریعے حماس کو دہشتگرد قرار دیئے جانے کی مغربی ممالک کی سازش تمام عرب و قومی روایات کے خلاف ہے۔ حازم قاسم نے لکھا کہ اماراتی وزیر خارجہ کا یہ بیان غاصب صیہونیوں کے شکست خوردہ پروپیگنڈے کا ایک حصہ اور مسئلہ فلسطین کی حمایت پر مبنی عرب اقوام کی روایات کے خلاف ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زائد نے امریکی یہودی کمیٹی کے ساتھ گفتگو میں کہا تھا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ بعض ممالک حماس، حزب اللہ و اخوان المسلمین جیسی تنظیموں کی درجہ بندی میں صحیح طرح سے عمل نہیں کرتے۔ عبداللہ بن زائد کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی مضحکہ خیز بات ہے کہ بعض ممالک کسی تنظیم کے عسکری ونگ کو تو دہشتگرد قرار دیتے ہیں لیکن اس کے سیاسی ونگ سے یونہی گزر جاتے ہیں درحالیکہ ان دونوں کے درمیان کوئی فرق نہیں۔


خبر کا کوڈ: 937853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937853/عبداللہ-بن-زائد-کے-ذریعے-حماس-کو-دہشتگرد-کہلوانے-کا-مغربی-اقدام-قومی-عربی-روایات-کیخلاف-ہے-حازم-قاسم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org