0
Sunday 13 Jun 2021 22:14

عوام سیلابی راستوں پر تعمیرات سے گریز کریں، کاظم میثم

عوام سیلابی راستوں پر تعمیرات سے گریز کریں، کاظم میثم
اسلام ٹائمز۔ وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم نے کہا ہے کہ جب تک تمام سیلابی راستوں کی واگزاری نہ ہو سڑکیں تالاب اور گھربار کو نقصان پہنچتا رہے گا۔ ان دنوں بیک وقت برگے نالہ، شگریکلاں، شگری بالا، چنداہ اور گیول نالہ سمیت دریائے سندھ آفات کی زد میں ہیں۔ اس دوران تمام متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطے میں رہا اور عوام کو مشکلات سے بچانے کی حتی الامکان کوشش کی۔ ضلعی انتظامیہ اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ بھی دن رات سیلابی نقصانات سے عوام کو بچانے کی کوشش کرتی رہی۔ اب عوام ہی کے تعاون سے تمام سیلابی راستوں کو واگزار کیا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ تمام نالوں کے سیلابی راستوں میں گھربار، دکانوں اور مارکیٹوں کی تعمیرات ہوئیں ہیں جوکہ تجاوزات کے زمرے میں شامل ہیں۔ اس عمل سے خود عوام کو مشکلات درپیش ہے۔ آج نہیں تو کل ان نالوں میں سیلاب آنا ہے، لہذا عوام سے میں گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ اپنے علاقے کی تعمیر و ترقی کے لیے آگے آئیں اور ان تمام راستوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کا ہاتھ بٹائیں۔ کسی بھی فرد کی غلطی یا سیلابی راستے میں تعمیرات سے سیلاب کا راستہ بدل کر کسی بے گناہ کا گھربار اجڑ سکتا ہے۔ لہذا ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلابی راستوں پر تعمیرات سے گریز کریں اور واگزاری کے لیے متعلقہ اداروں کی معاونت کریں۔

وزیر زراعت نے کہا کہ سیلابی تباہ کاریوں سے بچنے کا مستقل اور واحد حل یہی ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات دی ہیں کہ سکردو کے تمام سیلابی راستوں کو واگزار کریں اور تجاوزات ہٹا کر نالے کو تھرو کریں تاکہ عام عوام کی جان و مال کی حفاظت یقینی اور کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال سے نکل سکیں۔ ان تمام سیلابی راستوں کی واگزاری کے بعد بڑے پیمانے پر انکو چینلائز کرنا ماسٹر پلان کا حصہ ہے۔ اس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ ساتھ شہری محفوظ بھی ہوں گے اور قدرتی آفات کے نقصانات کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 937879
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش