QR CodeQR Code

 90 دن میں نیا پاکستان بنانے والوں کو 1000 دن ہو گئے ہیں، کہاں ہے نیا پاکستان؟، یوسف رضا گیلانی 

14 Jun 2021 00:09

ملتان میں پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی نااہلی شروع دن سے عیاں ہے، نااہل حکومت اب بجٹ اجلاس میں مشکوک اعداد و شمار پیش کرے گی، اہم اعداد وشمار کو چھپائیں گے اور پچھلی حکومتوں کو اپنی نااہلی کا ذمہ دار ٹھہرائے گی جبکہ اربوں روپے مالیت کا بلاواسطہ ٹیکس ایک بار پھر غریب عوام پر عائد کیا جائے گا۔ 


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف سینیٹ آف پاکستان و سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی، سٹی کے سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران اور ڈویژنل صدر پی وائی او ملک ندیم اختر نے گیلانی ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے میڈیا بیان میں کہا تبدیلی سرکار اب اپنی نااہلی اور بدترین گورننس کو چھپانے کے لئے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا ذمہ دار آئی ایم ایف کو ٹھرا رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر پارلیمانی نگرانی کو کیوں نظرانداز کیا گیا، 90 دن میں نیا پاکستان بنانے والوں کو 1000 دن ہو گئے ہیں، کہاں ہے نیا پاکستان؟، موجودہ حکومت کی نااہلی شروع دن سے عیاں ہے، نااہل حکومت اب بجٹ اجلاس میں مشکوک اعداد و شمار پیش کریے گی، اہم اعداد وشمار کو چھپائیں گے اور پچھلی حکومتوں کو اپنی نااہلی کا ذمہ دار ٹھہرائے گی جبکہ اربوں روپے مالیت کا بلاواسطہ ٹیکس ایک بار پھر غریب عوام پر عائد کیا جائے گا۔پیپلزپارٹی اس عوام دشمن بجٹ کو مسترد کردے گی۔ کیونکہ عمران خان نے معیشیت ٹھیک کرنے کے دعوے ہی کر رہے ہیں لیکن آج تین سال کا عرصہ گزرنے کو ہے لیکن ملک و قوم کیلئے کچھ کرنا تو دور کی بات اپنے کسی ایک وعدے کو بھی پورا نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی کی بات ہے کہ آج زرعی پاکستان کے صرف غذائی اجناس کے درآمدی بل میں 53 فیصد تک کا اضافہ حکومتی معاشی کارکردگی پر بہت بڑ سوالیہ نشان ہے، عمران خان کی ایمانداری کا جھوٹا ڈرامہ اب عوام پر عیاں ہو چکا ہے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی اشرافیہ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے خود مافیاز کی سرپرستی کر رہی ہے، عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی سکت نہیں ہے حکومتی وزرا بس لفظوں کے جادو سے عوام کو خوش کرنے میں لگی ہوئے ہیں، جبکہ عوام اب جن چکے ہیں کہ یہ حکومت نااہلوں کا ٹولہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ماضی کی حکومتوں کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں کیونکہ باشعور عوام جان چکے ہیں کہ نااہل حکمرانوں نے ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا ہے اور اس وقت تمام حکومتی پالیسیاں آئی ایم ایف کی چل رہی ہیں۔ عمران خان الزامات، دعووں، وعدوں اور یوٹرن لینے کے علاوہ کچھ نہیں کر سکے، معاشی ترقی کے دعووں میں مصروف عمران خان کو مہنگائی اور بے روزگاری کے مارے عوام کا احساس نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 937907

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/937907/90-دن-میں-نیا-پاکستان-بنانے-والوں-کو-1000-ہو-گئے-ہیں-کہاں-ہے-یوسف-رضا-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org