0
Monday 14 Jun 2021 19:58

پنجاب حکومت کا اہل تشیع کیساتھ امتیازی سلوک، ایم ڈبلیو ایم کا قانونی چارہ جوئی پر غور

پنجاب حکومت کا اہل تشیع کیساتھ امتیازی سلوک، ایم ڈبلیو ایم کا قانونی چارہ جوئی پر غور
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی سے وکلاء کے وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ وفد میں سید اسد عباس نقوی ایڈووکیٹ، سید عرفان نقوی ایڈووکیٹ، حسین مہدی ایڈووکیٹ، راحت عالم ایڈووکیٹ، سیف علی ایڈووکیٹ، سید ماجد نقوی ایڈووکیٹ، سید شان حیدر ایڈووکیٹ، سید صائم تقوی  ایڈووکیٹ، عادل جعفری ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلاء شریک تھے۔ ملاقات میں متحدہ علماء بورڈ سمیت دیگر سرکاری کمیٹیوں میں شیعہ نمائندوں کی تعداد میں کی جانیوالی کمی اور امتیازی سلوک کے حوالے سے قانونی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے وکلاء رہنماؤں کو محکمہ اوقاف کے امتیازی سلوک کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ وکلاء رہنماوں نے کہا کہ متحدہ علماء بورڈ سمیت کسی بھی ادارے یا کمیٹی میں آبادی کے تناسب سے ہی کسی بھی مکتب فکر کو نمائندگی دی جا سکتی ہے۔ وکلاء رہنماوں نے کہا کہ ان معاملات میں محکمہ اوقاف جانبداری کا مظاہرہ کر رہا ہے اور اہل تشیع کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ ملاقات میں محکمہ اوقاف کے ذمہ داران کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ اداروں میں امتیازی سلوک کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا، بیوروکریسی پنجاب بھر میں اہل تشیع کیساتھ امتیازی سلوک روا رکھے ہوئے ہے، جس کی کسی طور اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور بیوروکریسی کے اس امتیازی سلوک کیخلاف پُرامن احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 937939
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش