0
Monday 14 Jun 2021 08:56

سندھ پبلک سروس کمیشن حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے تباہ ہوگیا، جماعت اسلامی

سندھ پبلک سروس کمیشن حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے تباہ ہوگیا، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ پبلک سروس کمیشن حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے تباہ ہوگیا ہے، سندھ ہائیکورٹ نے آئینہ دکھایا اور اصلاح کا موقع فراہم کیا، لیکن حیرت ہے کہ ایس پی ایس سی کے نظام کو صاف و شفاف بنانے کے بجائے چوری و سینہ زوری کے مترادف عدالت عالیہ کے فیصلے کو حکومت چیلنج کرنا چاہتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ ڈاکٹرز اور دیگر متاثرہ قابل و لائق افراد کے ساتھ انصاف ہونا چاہیے، خود عدالت عالیہ نے بھی ان کو کھپانے کیلئے راستہ دیا ہے، لیکن افسوس ہے کہ سندھ حکومت عدالت عالیہ کے فیصلے کی اصل روح کو سمجھنے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن ایک بدنام زمانہ ادارہ بن چکا ہے، برسوں سے یہاں کی رشوت ستانی، چور بازاری، اقربا پروری، سیاسی بھرتیوں اور پرچے آﺅٹ ہونے کی شکایات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، نیب میں بھی اسکے معاملات چل رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت اس کی شکل بہتر بنانے کے بجائے بگاڑنے میں لگی ہوئی ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ ایک سابق چیئرمین اس لیے استعفیٰ ٰدیکر چلے گئے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ان کے پسندیدہ امیدواروں کے حق میں پرچیاں وصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن میں شفافیت نظر آنا چاہیے، لیکن اس ادارے کے چیئرمین عدالت کو مطمئن کرنے اور ایس پی ایس سی کی اصلاح کے بجائے بیرون ملک چلے گئے اور ادارے کے سکریٹری بھی کوئی میکنزم دینے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دیہی و شہری اور سندھی و مہاجر کا نہیں، صوبہ کی بہتر کارکردگی اور صوبوں کی آنے والی نسلوں کا مسئلہ ہے، یہ ادارہ نااہل نہیں بلکہ اہل و قابل لوگوں کو آگے بڑھانے کا زریعہ ہونا چاہیے، لیکن برسوں سے ایسا نہیں ہو رہا ہے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ چاروں صوبوں میں پبلک سروس کمیشن کا یکساں نظام ہونا چاہئے، سیاسی مداخلت اور پیسوں کا لین دین بند ہونا چاہئے، سندھ پبلک سروس کمیشن کی تشکیل نو کی جائے، اس میں دیانت دار، اہل اور اہم شعبوں کے ماہرین کو تعینات کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 937941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش