QR CodeQR Code

آئی ایم ایف ملازمین نے بجٹ عمران خان کو دیا جسے جوں کا توں پیش کر دیا گیا، بلاول

14 Jun 2021 17:02

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگا دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عام آدمی کے استعمال کی ہر شے پر اربوں روپے کا بالواسطہ ٹیکس لگا دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا سونامی آنے والا ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ملازموں نے بجٹ تیار کرکے عمران خان کو دیا، جسے کسی بھی غور کے بغیر جوں کا توں پیش کر دیا گیا، عوام دشمنی کی بنیاد پر بنائے گئے سلیکٹڈ بجٹ کے ہر صفحے پر عوام کے معاشی قتل عام کی ترکیبیں لکھی ہیں، یہ المیہ نہیں تو کیا ہے کہ وطن سے دور پاکستانی روزگار سے محروم پاکستانیوں کو ملکی برآمد سے زیادہ ترسیلاتِ زر بھیج  رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ براہ راست ٹیکس کے بجائے اربوں روپے کے بالواسطہ ٹیکس لگانے کی عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیٹرول پر 20 روپے فی لیٹر اور چینی پر 7 روپے فی کلو کا اضافہ بالواسطہ ٹیکس کی وجہ سے ہونے والا ہے، جسے ہم ناکام بنائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ جب کمپنیاں خام تیل اور ایل این جی پر 17 فیصد سیلز ٹیکس دیں گی تو پیٹرول اور گیس کی قیمتیں بڑھیں گی اور اس بالواسطہ ٹیکس کا بوجھ عوام بھگتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام نے آن لائن خریداری شروع کی، تو عمران خان نے اس پر بھی سیلز ٹیکس لگا دیا، عام آدمی آخر جائے تو کہاں جائے۔


خبر کا کوڈ: 938022

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938022/آئی-ایم-ایف-ملازمین-نے-بجٹ-عمران-خان-کو-دیا-جسے-جوں-کا-توں-پیش-کر-گیا-بلاول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org