0
Tuesday 15 Jun 2021 02:31

پشاور، لیڈی ریڈنگ اسپتال کی او پی ڈیز دوبارہ مریضوں کیلئے کھول دی گئیں

پشاور، لیڈی ریڈنگ اسپتال کی او پی ڈیز دوبارہ مریضوں کیلئے کھول دی گئیں
اسلام ٹائمز۔ کورونا کیسز میں کمی آنے پر لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور کی او پی ڈیز تین ماہ بعد دوبارہ مریضوں کے لئے باضابطہ کھول دی گئیں۔ حکومت کی جانب اسپتال کو کورونا کے لئے مکمل طور پر مختص کئے جانے کے بعد مارچ سے او پی ڈی سمیت الیکٹو سروسز کو بند کردیا گیا تھا۔ صوبے میں کورونا کی شرح میں نہ صرف کمی ہورہی ہے بلکہ اسپتالوں کے بیشتر بیڈز بھی خالی ہورہے ہیں۔ اس صورتحال پر اسپتال کی او پی ڈی کو بحال کردیا گیا ہے۔ اسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ابتدائی طور پر 10 شعبہ جات کی او پی ڈی کو مریضوں کے لئے بحال کیا گیا ہے، جس میں گائنی، پیڈس، روماٹالوجی، ای این ٹی، آئی، سائکاٹری، میگزیلوفیشل، اینڈو کرائنالوجی، ڈرماٹا لوجی، یورالوجی کے شعبہ جات کی او پی ڈیز کو کھولا گیا ہے جبکہ اوپی ڈی میں صرف 500 معائینہ پرچیاں مریضوں کو جاری کی جائیں گی۔

ان میں روزانہ 100 گائنی کے مریضوں اور 400 باقی امراض کے مریضوں کو دیکھا جائے گا۔ اسی طرح نہایت ضروری داخلے اور آپریشن ہوں گے۔ اسپتال ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوپی ڈی کو سخت ایس او پیز کے ساتھ بحال کیا گیا ہے۔ماسک کے بغیر کسی مریض کو اوپی ڈیزمیں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایک مریض کے ساتھ ایک تیماردارکو صرف آنے کی اجازت ہوگی۔ اسپتال ترجمان کے مطابق اسپتال میں ابھی بھی 100 کورونا کے مریض زیرعلاج ہیں۔ کورونا مرض کے حوالے سے کوئی رسک نہیں لیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے ایل آر ایچ کی او پی ڈی بند ہونے کے باعث خیبر ٹیچنگ اسپتال اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کے رش میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 938089
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش