0
Tuesday 15 Jun 2021 18:53

فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، مولانا عاصم مخدوم

ہمیں اپنے مسلک پر رہتے ہوئے راہ اعتدال پر چلنا ہوگا، علامہ عبدالخالق اسدی
فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، مولانا عاصم مخدوم
اسلام ٹائمز۔ کُل مسالک علماء بورڈ کا اجلاس مجلس وحدت مسلیمن کی میزبانی میں صوبائی سیکرٹریٹ "وحدت ہاوس" لاہور میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا عاصم مخدوم، صوبائی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلیمن علامہ عبداالخالق اسدی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی، چیئرمین قومی امن کمیٹی سید محمود غزنوی، الحاج محمد شفیق بٹ، مولانا فداء الرحمن حیدری، علامہ محمد حسین گولڑوی، مفتی محمد محب اللہ و دیگر نے شرکت کی۔ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے تمام مکاتب فکر متحد اور ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، محرم الحرام میں امن کو برقرار رکھنے کیلئے مذہبی قائدین کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی رواداری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، قیام امن کیلئے تمام مسالک ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں، فرقہ واریت پھیلانے والے اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلبیت اطہار اور صحابہ کرام میں تفریق پیدا کرنیوالے عناصر کی گرفت کرنا ہوگی۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ اتحاد امت کیلئے جدوجہد کرنا ہمارا فریضہ ہے، ہمیں اپنے مسلک پر رہتے ہوئے راہ اعتدال پر چلنا ہوگا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ امت مسلمہ کو جوڑنے کیلئے مواقع پیدا کرنے ہونگے، تفرقہ بازی نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا ہے اس کا تدارک کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 938118
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش