QR CodeQR Code

بھارت اسوقت سیکولر اور ہندوتوا سوچ میں بٹ چکا ہے، شاہ محمود قریشی

15 Jun 2021 11:25

اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ميں بہت بڑا طبقہ مودی سرکار کی حکمت عملی مسترد کر چکا ہے، بھارت کو اسپائلر کی بجائے خطے کے امن کے لئے کام کرنا چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین دوسرے کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ شاہ محمود قریشی نے افغان امن عمل، خطے کی صورتحال اور ملکی سیاست میں اپوزیشن کے رویے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ افغان امن عمل ایک انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، افغانستان کے نائب صدر اور نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے بیانات سلجھاؤ کی بجائے الجھاؤ کا باعث تھے، الزام تراشیوں سے کسی فریق کو کچھ حاصل نہیں ہو گا، اپنی کوتاہيوں سے نگاہ چرائيں گے تو حل نہيں نکلے گا، افغان قیادت مل بیٹھ کر اپنے مسائل حل کرے، افغان قيادت آپس ميں بيٹھ کر ايک دوسرے کے ليے گنجائش پيدا کرے۔ وزير خارجہ نے کہا کہ ہمارا مشترکہ عزم، اس خطے کا امن و استحکام ہے، پاکستان اپنی سرزمین دوسرے کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ميں آج کھنچاؤ واضح دکھائی دے رہا ہے، بھارت اس وقت سیکولر اور ہندوتوا سوچ میں بٹ چکا ہے، وہاں اقلیتیں دباؤ میں ہیں، وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہیں، بھارت ميں بہت بڑا طبقہ مودی سرکار کی حکمت عملی مسترد کر چکا ہے، بھارت کو اسپائلر کی بجائے خطے کے امن کے لئے کام کرنا چاہیئے۔ بجٹ کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزيشن مہذب طريقے سے اظہار رائے کرے، ایوان میں اپوزيشن ممبران لوگوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کرتے ہيں، تمام ممبران کو بجٹ پر بات کرنے کا حق ہے، جو تنقيد کرنی ہے ضرور کريں، اپنی بات کريں اور حکومتی مؤقف نہ سنيں يہ مناسب نہيں، یک طرفہ ٹریفک نہیں چلے گی، اگر اپوزيشن ہماری نہيں سنے گی تو ہم بھی ان کی نہيں سنيں گے۔ اگر عمران خان کو ایوان میں بطور قائد ايوان بولنے کا حق نہيں ديا جائيگا تو پھر قائد حزب اختلاف کو بھی یہ حق نہیں مل سکتا۔
 


خبر کا کوڈ: 938136

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938136/بھارت-اسوقت-سیکولر-اور-ہندوتوا-سوچ-میں-بٹ-چکا-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org