QR CodeQR Code

ہجومی تشدد، ہندو انتہا پسندوں نے ’گائے بیچنے‘ کے شک میں کسان کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا

15 Jun 2021 17:23

معاملہ چتوڑ گڑھ ضلع کا ہے جہاں بھیڑ نے لاکھ منت سماجت کے بعد بھی راجستھان سے گائے خرید کر مدھیہ پردیش کے جھابوا لے جانیوالے دو کسانوں کی پٹائی کر دی۔ ان میں سے ایک نے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا اور دوسرے کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ راجستھان میں ایک بار پھر ہجومی تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں زراعت کے لئے گائے لے جانیوالے ایک کسان کو ’گائے اسمگلنگ‘ کے شبہ میں گاؤ رکشکوں کی بھیڑ نے اتنا مارا کہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اس کی موت واقع ہوگئی۔ معاملہ چتوڑ گڑھ ضلع کا ہے جہاں بھیڑ نے لاکھ منت سماجت کے بعد بھی راجستھان سے گائے خرید کر مدھیہ پردیش کے جھابوا لے جانیوالے دو کسانوں کی پٹائی کر دی۔ ان میں سے ایک نے زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ دیا اور دوسرے کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔ واقعہ گزشتہ اتوار کا بتایا جا رہا ہے جب راجستھان و مدھیہ پردیش کی سرحد پر بھیڑ نے کسانوں کی پِک اَپ وین کو روک لیا اور ان کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔

پولس نے اس پورے معاملے میں 19 لوگوں کو نامزد کیا ہے اور 10 لوگوں کی اب تک گرفتاری بھی ہو چکی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اتوار کی شب جھابوا باشندہ بابو لال بھیل اور پنٹو بھیل ایک پِک اَپ وین میں تین گائے خرید کر اپنے گھر لے جا رہے تھے۔ کسان نے زراعت میں استعمال کے لئے یہ گائیں خریدی تھیں۔ لیکن چتوڑ گڑھ ضلع کے رائیتی گاؤں کے پاس مقامی لوگوں نے گائے اسمگلنگ کے شبہ میں پِک اَپ وین کو روک لیا۔ بتایا گیا ہے کہ پِک اَپ وین میں تین گائے دیکھ کر بھیڑ نے بابو لال اور پنٹو پر لاٹھی، ڈنڈوں کی بارش کر دی۔ انہیں لاتوں اور گھونسوں سے بھی مارا گیا اور اس دوران دونوں کا موبائل بھی چھین لیا گیا۔ جب اس واقعہ کی خبر پولیس کو ملی تو وہ فوراً پہنچی اور دونوں زخمیوں کو اسپتال لے گئی۔ ڈاکٹروں نے بابو لال کو مردہ قرار دے دیا جبکہ پنٹو کی حالت سنگین ہے۔ پولیس نے پنٹو بھیل کے بیان پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور کارروائی جاری ہے۔


خبر کا کوڈ: 938176

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938176/ہجومی-تشدد-ہندو-انتہا-پسندوں-نے-گائے-بیچنے-کے-شک-میں-کسان-کو-پیٹ-کر-مار-ڈالا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org