0
Tuesday 15 Jun 2021 18:44

خضدار میں لیویز فورسز کی پاسنگ آوٹ تقریب، اہم شخصیات کی شرکت

خضدار میں لیویز فورسز کی پاسنگ آوٹ تقریب، اہم شخصیات کی شرکت
اسلام ٹائمز۔ خضدار میں بلوچستان لیویز فورس کے 13ویں بیچ کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ تقریب لیویز ٹریننگ سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں بلوچستان بھر سے 577 ریکروٹس موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خاص صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا تھے۔ تقریب کے دوران لیویز فورس کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ مکمل کرنے والے جوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ عملی مظاہرے کے ذریعے یہ دکھایا گیا کہ دہشت گردی، ڈکیتی اور رہزنی سے کیسے نمٹا جائے اور کسی وی آئی پی کو حملے سے محفوظ مقام تک کیسے پہنچایا جائے۔ اس کے علاوہ پریڈ میں نوجوانوں نے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔ صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور ڈی جی لیویز بلوچستان مجیب الرحمان قمبرانی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور جوانوں نے انہیں سلامی دی۔

تقریب میں رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری، آئی جی پولیس بلوچستان رائے طاہر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید، ڈی جی لیویز مجیب الرحمٰن قمبرانی، کمشنر قلات ڈویژن بشیر خان بازئی، ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ بشیر احمد، جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی دوست علی بلوچ، کمانڈنٹ ایف سی خضدار ضمیر الحسن، صوبائی سیکریٹریز عزیز احمد جمالی، غلام علی بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر خضدار جمیل بلوچ، سینیئر اسسٹنٹ لوکل گورنمنٹ خضدار میر عبدالرزاق زہری، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن خضدار نذر خان زہری، تحصیلدار خضدار شہزاد زہری اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سمیت خضدار کے قبائلی عمائدین اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے 2018ء میں سی پیک کے پیش نظر بلوچستان لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی جامعہ تنظیم نو کے پروگرام کو منظور کیا تھا۔ اب مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر نوجوانوں نے اپنے لہو سے دشمن کے تمام ہتھکنڈے ناکام بنا دیئے۔ ہم سب کو اپنی سکیورٹی فورسز کی قومی خدمات پر فخر ہے۔ ڈی جی لیویز فورس مجیب الرحمن قمبرانی نے کہا کہ لیویز فورس سکیورٹی کے فرائض نبھانے سے بھی بڑھ کر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ لیویز فورس اس وقت اعلیٰ معیار کی صلاحیتوں سے لبریز اور صوبے میں قیام امن کے لئے کردار نبھا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلی بار یوم پاکستان کے موقع پر بلوچستان لیویز فورس اسلام آباد میں قومی پریڈ میں حصہ لینے کے لئے بھی منتخب ہوچکی ہے۔ لیویز فورس کی تاریخ 134 سال پرانی ہے۔

چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیویز فورس ہمارا فخر اور صوبے کی محافظ فورس ہے۔ جس نے بلوچستان کے طول و عرض میں دیگر سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ایسا کردار نبھایا ہے کہ آج پورے بلوچستان میں امن و سکون کی فضاء قائم اور معمولاتِ زندگی بحال ہیں۔ لیویز فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے جو پلان قائم بنایا گیا ہے، اسے مزید وسعت دی جائے گی۔ آخر میں مہمانِ خاص وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور ڈی جی لیویز فورس مجیب الرحمن قمبرانی نے لیویز فورس کے معیار کو سراہا اور دوران تربیت نمایاں کارکردگی پیش کرنے والوں میں انعامات اور مہمانوں میں تحائف تقسیم کئے۔
خبر کا کوڈ : 938202
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش