QR CodeQR Code

دیامر کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

15 Jun 2021 20:53

محکمہ داخلہ و جنگلات سے جاری بیان کے مطابق کچھ حصوں میں معمولی نوعیت کی آگ اب بھی موجود ہے جسے بجھانے کیلئے محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے اعلی آفیسران اور عسکری حکام نے متاثرہ جنگلات کا فضائی جائزہ لیا۔


اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ و محکمہ جنگلات گلگت بلتستان سے جاری بیان کے مطابق ضلع دیامر کے مختلف جنگلات میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، کچھ حصوں میں معمولی نوعیت کی آگ اب بھی موجود ہے جسے بجھانے کیلئے محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور مقامی رضاکاروں کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔ اس ضمن میں محکمہ جنگلات گلگت بلتستان کے اعلی آفیسران اور عسکری حکام نے متاثرہ جنگلات کا فضائی جائزہ لیا۔ بعد ازاں کمشنر دیامر ریجن کیمپ آفس میں ایک جائزہ اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا جس میں چند اہم فیصلے کئے گئے، جس کی روشنی میں کمشنر آفس دیامر ریجن میں کنٹرول روم اور آتشزدگی کی اصل وجوہات جاننے کیلئے جوائنٹ ٹیم تشکیل دی گئی، جس میں محکمہ جنگلات، ضلعی انتظامیہ اور کمیونٹی کے نمائندے شامل ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کیلئے تمام تر وسائل، آلات اور راشن مہیا کیا جائے گا۔

بیان کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر آگ کی شدت نہ ہونے کے برابر ہے جسے محکمہ داخلہ و جنگلات نے موجودہ آگ کی شدت کو کٹیگری iii قرار دیا ہے۔ بیان کے مطابق متاثرہ جنگلات میں آگ پر مکمل قابو پانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی نگرانی میں مقامی افراد پر مشتمل رضاکاروں کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جنھیں تمام تر وسائل اور راشن سے مزین کیا گیا ہے اور یہ رضاکار مستقبل میں بھی ایسے ممکنہ خطرات سے نبرد آزما ہونے کے ساتھ ساتھ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ محکمہ داخلہ و جنگلات کے بیان کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے تمام زاویوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے جس کے بعد آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم ہو سکے گی کہ آیا یہ ایک قدرتی عمل کا نتیجہ تھا یا کوئی انسانی ردعمل کا نتیجہ ہے۔ اس حوالے سے یہ بات توجہ طلب ہے کہ مختلف میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے جو خبریں اور تصاویر گردش کر رہی ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ مثبت رپورٹنگ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ عوام تک حقائق پر مبنی معلومات حاصل ہوں۔


خبر کا کوڈ: 938217

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938217/دیامر-کے-جنگلات-میں-لگی-ا-گ-پر-قابو-پا-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org