QR CodeQR Code

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

16 Jun 2021 01:01

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا اور پیٹرول کی نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے مقرر کر دی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں پیٹرولیم کی قیمتوں میں لگاتار اضافہ ہوا، بھارت میں ایک ماہ میں 17 بار اضافہ ہوا لیکن پاکستان میں پچھلے اڑھائی مہینوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ شہباز گل نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں لگاتار اضافے کے سبب اوگرا نے قیمتوں میں 4 روپے تک اضافہ کی تجویز دی تھی لیکن وزیراعظم نے صرف 2 روپے اضافے کی منظوری دی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا، جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 13 پیسے اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 110 روپے 69 پیسے ہوگی۔ حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 89 پیسے اضافہ کر دیا گیا، کیروسین آئل کی قیمت میں ایک روپے 89 پیسے، لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے سے زائد کا اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 112 روپے 55 پیسے، کیروسین آئل کی نئی قیمت 81 روپے 89 پیسے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 79 روپے 68 پیسے ہوگی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارش رد کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی، وزیراعظم نے اسے نامنظور کرکے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 938268

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938268/پیٹرولیم-مصنوعات-کی-قیمتوں-میں-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org