QR CodeQR Code

نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اپنے انتظامی معاملات پر توجہ دے، علامہ باقر زیدی

16 Jun 2021 20:44

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ این سی او سی ایک طرف مذہبی اجتماعات، تعلیمی عمل اور کاروبار سمیت دیگر امور میں رکاوٹیں ڈالنے میں پیش پیش ہے جبکہ دوسری جانب ویکسین کی فراہمی اور اس سے مستفید ہونے والے افراد کے شفاف اندراج سے غفلت کا مرتکب ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں سے کورونا ویکسین کی قلت اور بغیر ویکسینیشن کے نادرا ریکارڈ میں لوگوں کے جعلی اندراج کے مبینہ واقعات کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اپنے انتظامی معاملات پر توجہ دینے کی بجائے عوام کی مشکلات میں اضافے کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ادارہ ایک طرف مذہبی اجتماعات، تعلیمی عمل اور کاروبار سمیت دیگر اہم امور میں رکاوٹیں ڈالنے میں پیش پیش ہے جب کہ دوسری جانب ویکسین کی فراہمی اور اس سے مستفید ہونے والے افراد کے شفاف اندراج جیسی اہم ترین ذمہ داریوں سے غفلت کا مرتکب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ رویہ پاکستان میں جاری ویکسینیشن کے عمل پر کئی طرح کے سوالات کھڑے کردے، کووڈ 19 ایک عالمی وباء ہے، اگر ویکسینیشن کے عمل کو شفاف بنانے پر توجہ نہ دی گئی تو ان افراد کو بھی بیرون ممالک سفر میں مشکلات درپیش ہوسکتی ہیں جنہوں نے ویکسین کی مکمل خوراک حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کو اہم  انتظامی امور پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ کورونا کے خلاف وطن عزیز کی  کوششوں پر کوئی انگلی نہ اٹھائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے طلباء کی تعلیم کا بے حد ضیاع ہوا ہے، اس سے نہ صرف تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئیں بلکہ اسے شعبے سے وابستہ لاکھوں افراد کا روزگار بھی داؤ پر لگ گیا، ملک بھر میں خرید و فروخت اور تفریحی سرگرمیاں کورونا کے دوران بھی معمول کے مطابق جاری رہیں، سرکاری دفاتر میں عوام کی آمدورفت میں کسی قسم کی کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے، پبلک ٹرانسپورٹ اور نقل و حرکت کے دیگر ذرائع عوام بدستور استعمال کرتے رہے، صرف تعلیمی اداروں پر پابندی لگاکر تعلیمی نظام کو مفلوج کرنے کی کوشش کی گئی ہے، آن لائن طریقہ تدریس مروجہ نظام تعلیم کا متبادل نہیں ہو سکا اور وہ فوائد حاصل نہیں کئے جاسکے جو ضروری تھے، دنیا کے ایک سوپچاس ممالک ایسے بھی ہیں جہاں درس و تدریس معمول کے مطابق جاری رہی، تاہم پاکستان میں سرکاری سکولوں کو ایس او پیز کے تحت کھولنے میں درکار اربوں روپے کے فنڈز کی ضرورت کو جواز بناکر پرائیویٹ سکولوں کو بھی جبری طور پر بند رکھا گیا جو ایک سنگین غلطی ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی غلط اور غیر سنجیدہ پالیسیوں کا خمیازہ ہماری آئندہ نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔


خبر کا کوڈ: 938392

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938392/نیشنل-کمانڈ-آپریشن-سینٹر-اپنے-انتظامی-معاملات-پر-توجہ-دے-علامہ-باقر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org