QR CodeQR Code

تمام محکموں سے بقایا جات کی وصولی کیلئے معاملہ اُٹھائیں گے، کیسکو

16 Jun 2021 22:53

کیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن نے کوئٹہ ہیڈکوارٹر میں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے بجلی کے بلز بروقت ادا کرے تو ترقیاتی منصوبوں میں بہتری دیکھنے میں ملے گی۔ جو سرکاری اور غیر سرکاری محکمے اپنی واجبات ادا نہیں کرتے انکا معاملہ اٹھائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز اور رسک مینجمنٹ اینڈ ریکوری کمیٹی کے کنونیئر سردار خادم حسین وردگ نے کہا ہے کہ کیسکو اپنے صارفین کو اُن کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے، صارفین بھی کیسکو سے تعاون کرتے ہوئے اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کے ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات جمع کرائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیسکو ہیڈ کوارٹر میں افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کو مالی طور پر مزید مستحکم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تمام افسران و ملازمین مزید محنت اور دیانتداری سے کام کرکے صارفین کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ کیسکو کے ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز نے مزید کہا کہ وہ ریکوری کے سلسلے میں تمام نادہندہ سرکاری و غیر سرکاری محکموں سے بقایا جات کی وصولی کے لئے اُن کے سربراہان سے ملاقات کرکے معاملہ اُٹھائیں گے اور اُن کے اس اقدام سے کیسکو کی ریکوری میں مزید بہتری آسکے گی. علاوہ ازیں صارفین کی جانب سے بلوں کی وصولی سے ہی کیسکو اپنے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ صارفین کی جانب سے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی کے کلچر کو ختم کرنا ہوگا، کیونکہ عادی نادہندگان کی جانب سے بلوں کی عدم ادائیگی کا خمیازہ دیگر بل جمع کرنے والے صارفین کو لوڈشیڈنگ کی صورت میں اُٹھانا پڑتا ہے۔ خادم حسین وردگ نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں کچھ اوور لوڈ فیڈز سے صارفین کو وولٹیج کی کمی بیشی جیسے مسائل کا سامنا درپیش ہے، جس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اُن اوور لوڈ فیڈرز پر کام شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ صارفین کو مستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی دستیاب ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت ملک بھر میں جن علاقوں سے ریکوری کی صورتحال بہتر ہے۔ اُن علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی کم سے کم رکھا جاتا ہے، لہٰذا کیسکو کے صارفین بھی اپنے ذمہ بجلی کے بل بر وقت جمع کرائیں, تاکہ اُن کی بجلی فراہمی کے اوقات کار بڑھائے جاسکیں اور انہی رقوم سے بجلی کے نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جاسکیں۔


خبر کا کوڈ: 938407

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938407/تمام-محکموں-سے-بقایا-جات-کی-وصولی-کیلئے-معاملہ-ا-ٹھائیں-گے-کیسکو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org