QR CodeQR Code

عدالت عالیہ بلوچستان نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو طلب کر لیا

16 Jun 2021 23:26

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے جعلی لوکل اور ڈومیسائل کے حوالے سے سماعت کے دوران کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنرز پشین اور قلعہ عبداللہ کو طلب کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فرداً فرداً پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جمال خان مندوخیل اور جناب جسٹس محمد کامران خان ملاخیل پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے سینہئر قانون دان ساجد ترین ایڈووکیٹ و دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کے موقع پر 30 جون کو کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنرز پشین اور قلعہ عبداللہ کو طلب کرتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فرداً فرداً پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ گذشتہ روز جعلی ڈومیسائل اور لوکلز سے متعلق دائر آئینی درخواستوں پر آرڈر شیٹ جاری کرتے ہوئے ڈویژنل بینچ نے کہا کہ اس سے قبل ایڈووکیٹ جنرل ایک پیج رپورٹ پیش کرچکے ہیں اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے پروگریس رپورٹ جمع کرانے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی ہے۔

سماعت کے دوران ساجد ترین ایڈوکیٹ نے معزز عدالت سے درخواست کی کہ کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبد اللہ کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پہلے طلب کریں، جس پر بینچ نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنرز قلعہ عبداللہ اور پشین کو 30 جون کو ہونے والی سماعت کے موقع پر طلب کر لیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ جعلی ڈومیسائل اور لوکلز کے تصدیقی عمل سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری حکومت کے ساتھ معاملہ اٹھائیں اور یہ بات یقینی بنائیں کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کے ڈومیسائلز اور لوکلز کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا اور محکمہ خزانہ بلوچستان اس سلسلے میں فنڈز مختص کرے۔


خبر کا کوڈ: 938414

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938414/عدالت-عالیہ-بلوچستان-نے-کمشنرز-اور-ڈپٹی-کو-طلب-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org