QR CodeQR Code

عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائینگے، بلاول

17 Jun 2021 14:22

اپنے ایک بیان میں چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوفناک قیمت ہوگی، جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صرف ایک سال میں عام آدمی کی آمدنی میں 17 فیصد کی کمی اور کھانے پینے کی اشیاء کے خرچ میں 25 فیصد مہنگائی تبدیلی کا اصل چہرہ ہے، عمران خان نے ​کہا کہ عزیز ہم وطنو! ملک ترقی کرگیا ہے، عمران خان نے بجٹ میں مزدور کی آمدنی 20 ہزار روپے مقرر کرکے 700 ارب روپے کے ٹیکس لگائے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر 3 میں سے ایک بچے کے غذائی قلت کے شکار ملک میں عمران خان نے دودھ اور اس سے وابستہ مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس لگا دیا، 40 فیصد غربت کے شکار ملک میں ڈیری مصنوعات پر 17 فیصد سیلز ٹیکس ہمارے بچوں کے قتل کے مترادف ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ چائے کے ہر کپ کا مہنگا گھونٹ عمران خان کی تبدیلی کی وہ خوفناک قیمت ہوگی، جو پاکستان کے عوام نے ادا کرنا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بجٹ کے نتیجے میں آٹا، تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا ایک ایسا سونامی لائے گا کہ جس کے بعد عوامی ردعمل کو روکنا عمران خان کے بس میں نہ ہوگا، پی ٹی آئی حکومت غریب دشمن بجٹ کے حقائق کو عوام سے چھپانے کیلئے اپوزیشن کی آواز دبا رہی ہے، عمران خان یہ نہ سمجھیں کہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کروا کر وہ بچ جائیں گے، ہم بجٹ کا سارا کچا چٹھا عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 938535

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938535/عمران-خان-یہ-نہ-سمجھیں-کہ-گالم-گلوچ-اور-بدتمیزی-کروا-کر-وہ-بچ-جائینگے-بلاول

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org