0
Thursday 17 Jun 2021 16:13

نئے بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئیگا، شہباز شریف

نئے بجٹ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آئیگا، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے مہنگائی کے طوفان میں ملک کو برباد کردیا۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے ہمیں امید لگا کر قانون سازی کے لیے اسمبلی بھیجا، گزشتہ چند روز سے ایوان میں جو کچھ ہوا وہ انتہائی تشویشناک تھا۔ اس ایوان کی کارروائی کا ہر روز کا خرچہ کروڑوں روپے ہے جو عوام کی دولت سے خرچ ہوتی ہے۔ ہم یہاں پر لوگوں کے دکھوں پر مرہم رکھنے آئے ہیں، ہم پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام دلانے آئے ہیں، ہم یہاں، مزدور، کسان، یتیم اور بیوی کی بات کرنے کے لیے آئے ہیں، ہمارا فیصلہ تھا کہ ہماری بات سنی جائے گی تو ہم ان کی بات بھی سنیں، جو کچھ ہوا اس سے ناصرف پاکستان بلکہ پورہی دنیا میں بہت غلط پیغام گیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جو قانون سازی ہوئی ہے وہ آئین اور قانون کے مطابق نہیں، قانون سازی میں کئی خامیاں ہیں لیکن ہماری بات نہیں سنی گئی، ہم نے سینیٹ میں اپنا کردار ادا کیا اور اسے روکا۔ اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دی جائے۔ جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو قانونی سازی کے عمل کا جائزہ لے گی۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ 66 صفحات پر مشتمل تقریر کی گئی اور ہر صفحے پر مہنگائی، غربت اور بدحالی کا ذکر تھا ملک میں 3 برسوں میں جو کچھ ہوا وہ سب نے دیکھ لیا، ہم سمجھتے ہیں کہ اگر غریب لوگوں کی جیب خالی ہے تو بجٹ جعلی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ 3 برسوں کے دوران ٹیکسوں کی بھرمار کی گئی اس کے باوجود محصولات نہیں بڑھے، بچوں کے اسکول چھوٹ گئے، غریب کو آدھی روٹی بھی نہیں مل رہی، یہ بجٹ مزید بدحالی لائے گا۔ جولائی 2018ء میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تو اس وقت جی ڈی پی 5.8 فیصد تھی، 3 برسوں میں 1952ء کے بعد ملکی تاریخ کی سب سے کم معاشی ترقی رہی، ان 3 برسوں میں 2 کروڑ لوگ غربت کی سطح سے نیچے چلے گئے۔ مزدور کی آمدنی 3 برسوں میں 18 فیصد کم ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 938564
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش