QR CodeQR Code

کوئٹہ میں پہلے ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام

17 Jun 2021 18:28

خواتین کے مسائل اور دیگر معاملات کے حل کیلئے بلوچستان کے پہلے ویمن پولیس اسٹیشن کا قیام کر دیا گیا ہے، جس میں گھریلو ناچاقی اور دوسرے تنازعات کے علاوہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں خواتین کے مسائل کے حل اور انصاف کی فراہمی کے لئے کوئٹہ میں بلوچستان کا پہلا ویمن پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا ہے۔ تھانے میں نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان بھر کی خواتین کی شکایات اور مسائل کا دوستانہ ماحول میں ازالہ کیا جا سکے گا۔ اطلاعات کے مطابق تھانے میں خاتون ایس ایچ او سمیت 19 تعلیم یافتہ خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ لیڈی ایس ایچ او زرغونہ ترین نے گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان میں قبائلی معاشرہ ہونے کی وجہ سے اکثر خواتین تھانے جانے سے اجتناب کرتی ہیں، لیکن ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام سے اب وہ خواتین بھی آسانی سے اپنی شکایات لے کر آسکتی ہیں۔ پولیس اسٹیشن میں گھریلو ناچاقی اور دوسرے تنازعات کے علاوہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ خاتون پولیس افسر کے مطابق بلوچستان کے پہلے پولیس اسٹیشن کے قائم ہونے کے بعد خواتین کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا۔


خبر کا کوڈ: 938571

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938571/کوئٹہ-میں-پہلے-ویمن-پولیس-اسٹیشن-کا-قیام

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org