0
Thursday 17 Jun 2021 21:05

ظالم حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں، سراج الحق

ظالم حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے ہنگامہ نے بجٹ کی مجموعی شکل کو دھندلا کردیا، حقائق سامنے آئے تو عوام مزید بلبلائیں گے، حکومت اور اپوزیشن کا رویہ انتہائی قابل افسوس ہے، ظالم حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں، ملک کے 75 فیصد عوام کے نزدیک مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور بے جا ٹیکسز بڑے مسائل ہیں۔ پی ٹی آئی بتائے ان اژدھوں سے نمٹنے کیلئے بجٹ میں کیا اقدامات کیے ہیں۔ مہنگائی کا جن عوام کا سب کچھ کھا گیا۔ بجٹ سود خوروں اور سرمایہ داروں کو مزید مضبوط کرے گا۔ پی ٹی آئی، نون لیگ اور پی پی نے اپنے اپنے ادوار میں عوامی مسائل کے حل میں مکمل ناکام رہیں۔ نوجوان سٹیٹس کو سے نجات کیلیے کردار ادا کریں۔

انہوں ںے کہا کہ جماعت کے دروازے یوتھ کیلیے کھلے ہیں، آئیے مل کر انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے آزاد کرانے کے لیے میدان عمل میں نکلیں، یقین سے کہتاہوں کہ جس دن بوتھ آزاد ہوا یوتھ فلاحی پاکستان کے قیام کیلئے جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ لاہور میں یوتھ بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، امیر جماعت وسطی پنجاب جاوید قصوری اور جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل نے دیگر ممبران کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ میٹنگ میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں، بلاک کوڈ کی سطح پر نوجوانوں کی تنظیم سازی اور نوجوان طبقہ کو درپیش مسائل سے متعلق گفتگو ہوئی اور تجاویز دی گئیں۔ امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کو ہدایت کی کہ وہ ملک کے نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کو اپنا مشن بنائے۔ وسائل کے مطابق ہر ضلع میں صحتمندانہ سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے اور نوجوانوں کو سماجی، سیاسی، تعلیمی اور دیگر میدانوں میں آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کا نظریہ تیزی سے نوجوانوں میں مقبولیت پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں نے اقتدار میں آکر نہ صرف جمہوریت کو کمزور کیا بلکہ ملک کے پہلے سے موجود مسائل میں مزید اضافہ کیا، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی پارٹیوں میں عام پڑھے لکھے افراد کی کوئی گنجائش نہیں، عام لوگوں کو اگر اپنی آواز کو توانا اور مضبوط کرنا ہے تو جماعت اسلامی کا پلیٹ فارم استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ ارب پتی طبقہ دھونس اور دولت کے بل بوتے پر الیکشن جیت کر میرٹ کی دھجیاں اڑاتا اور اداروں کو کمزور کرتا ہے۔ بائیس کروڑ عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے ان ظالموں کو بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد عوام میں آگہی پیدا کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ قوم کی اکثریت حکمرانوں کے چہروں کو خوب پہچان گئی اور ان سے بدظن ہوچکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 938592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش