QR CodeQR Code

نیا پاکستان تب بنے گا جب ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملے گا، پی اے ٹی

17 Jun 2021 21:58

کراچی میں احتجاج سے خطاب میں رہنماؤں نے کہا کہ ہمارے صبر کا مزید امتحان مت لو ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے مگر ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے، وہ وقت دور نہیں جب قصاص ہوگا تمام قاتل نشان عبرت بنیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاون میں 14 افراد کی شہادت کے سات سال مکمل ہونے اور اب تک انصاف نہ ملنے کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا گیا۔ کراچی میں پی اے ٹی کا احتجاج شاہین کمپلیکس سے سندھ اسمبلی تک ہوا۔جس میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام سمیت اہم سیاسی، سماجی، مذہبی جماعتوں کے قائدین اور وکلاء نے شرکت و خطاب کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین، کراچی کے صدر مشتاق صدیقی، جنرل سیکرٹری راؤ کامران محمود، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ صادق جعفری، کراچی بار کے سینئر وکلاء نے شرکت کی۔ علامہ نعیم انصاری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء سات سالوں سے انصاف کیلئے دربدر پھر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور کیلئے ملک میں انصاف ناپید ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار JIT کو فی الفور انوسٹی گیشن کی اجازت دی جائے، سابق آرمی چیف، سابق چیف جسٹس اور موجودہ وزیراعظم سب نے انصاف کے وعدے کئے مگر سات سال ہوگئے سب نے دھوکہ دیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث کرداروں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور کیفرکردار تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں، ماڈل ٹاؤن میں قتل عام میں ملوث بارہ تھانوں کے پولیس اہلکاروں کو نوکریوں سے برطرف اور قاتل پولیس افسران کو دی جانے والی ترقیاں واپس لی جائیں، ریاست مدینہ کی دعویدار تحریک انصاف کی حکومت میں بھی انصاف نہ ملنا قابل افسوس ہے، جب تک کرپٹ نظام قائم رہے گا کمزور ایسے ہی انصاف کیلئے ٹھوکریں کھاتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ طاقتور کیلئے چھٹی والے دن بھی عدالتیں کھلتی ہیں، کمزور ظلم کی چکی میں عشروں پستا رہتا ہے، موجودہ اور سابق حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں، دونوں نے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو تحفظ اور ترقیاں دیں، شریف برادران اور رانا ثناء اللہ سمیت 12 نامزد ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور قاتل عام میں ملوث ہونے پر پھانسی دی جائے، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے، قربانیاں پہلے بھی دیں اب بھی تیار ہیں، ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو پھانسی کے پھندے پر دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کوئی ظالم ظلم نہ کرے، نیا پاکستان تب بنے گا جب ماڈل ٹاؤن کے شہداء کو انصاف ملے گا، قصاص کا حکم قرآن نے دیا اور قرآن کا قانون ہے خون کا بدلہ خون ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری امن اور قانون پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمارے صبر کا مزید امتحان مت لو ہم قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا چاہتے مگر ہمیں مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی عمارت کی پہلی ااینٹ غیر جانبدار تفتیش ہے مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار جے آئی ٹی کو کام کرنے سے ہی روک دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے ایک پولیس والے کی درخواست پر قتل عام کی تفتیش کو روک دیا گیا مگر 14 شہداء انصاف کیلئے دربدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی رسوائی کے پیچھے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کی بدعائیں ہیں، وہ وقت دور نہیں جب قصاص ہوگا تمام قاتل نشان عبرت بنیں گے۔


خبر کا کوڈ: 938598

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938598/نیا-پاکستان-تب-بنے-گا-جب-ماڈل-ٹاؤن-کے-شہداء-کو-انصاف-ملے-پی-اے-ٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org