0
Thursday 17 Jun 2021 22:28

سندھ حکومت کی فراہم کردہ طبی سہولتوں سے پورا ملک فائدہ اٹھا رہا ہے، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کی فراہم کردہ طبی سہولتوں سے پورا ملک فائدہ اٹھا رہا ہے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ الزام لگایا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی، صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے سندھ میں موجود صحت کی سہولتوں کے حوالے سے سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام استفادہ کررہے ہیں۔  وہ سندھ اسمبلی کمیٹی روم میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا مزید کہنا تھا کہ بار بار سازش کے تحت کہا جاتا ہے کہ سندھ حکومت کچھ نہیں کرتی، الزام لگتا ہے کہ ہم صرف سندھ کی بات کرتے ہیں لیکن گمبٹ اور این آئی سی وی ڈی پورے ملک کی خدمت کر رہے ہیں، بلاتفریق ہم نے سب کا مفت علاج کیا ہے اور آئندہ بھی کریں گے، ہم جو کرتے ہیں اس پر بات کرنا چاہتے ہیں لیکن جواب یہ نا آئے کہ تم چور ہو جواب یہ آئے کہ ہم یہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر کے مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے، ضرورت کے پیش نظر این آئی سی وی ڈی حیدر آباد، مٹھی، سیہون، لاڑکانہ، گھوٹکی اور ٹنڈوالہیار و دیگر شہروں میں بھی بنایا گیا اب ان دور دراز علاقوں کے مریضوں کو کراچی آنا نہیں پڑتا وہ اپنے علاقوں میں ہی مفت اور بہترین علاج کی سہولت حاصل کرلیتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں ملک بھر سے 58 لاکھ 56 ہزار سے زائد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا ہے، ان تمام مریضوں کا علاج سندھ کے پیسے سے ہوا گمبٹ میں ہم وفاق اور انسانیت کی خدمت کررہے ہیں، پاکستان کا پہلا ادارہ گمبٹ اسپتال ہے جو جگر اور گردے کی پیوندکاری کا کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں فرشتے حکومت کررہے ہیں، شوکت خانم اسپتال میں مفت علاج نہیں ہوتا، کراچی کے جناح اسپتال کے سائبر نائف وارڈ میں کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے، 135 شہروں کے مریض کراچی میں اپنا علاج کروانے آتے ہیں اور 13 ہزار 75 مریضوں کا سائبر نائف کے ذریعے مفت علاج کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں آپتھومولوجی اسپتال میں شہریوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے، یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ آنکھوں کا اسپتال ہے آپ جاکر دیکھ سکتے ہیں، آپتھومولوجی آنکھوں کے اسپتال کے لئے 37 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ ٹراما سینٹر کے لئے دو ارب روہے رکھے گئے ایس آئی یو ٹی انسانیت کی خدمت میں کسی سے پیچھے نہیں، ایس آئی یو ٹی کے لئے سندھ حکومت نے 6 ارب روپے کی گرانٹ دی، اس سال ایس آئی یوٹی کی گرانٹ میں ایک ارب کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کا مقدمہ لڑتی ہے، مردم شماری پر پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے تحفظات کا بھرپور اظہار کیا، چینی آٹا اسکینڈلز بنائے گئے، کیا آپ نے کراچی کے لئے 11 سو ارب کا وعدہ پورا کیا؟ ملازمتیں دینے کا وعدہ پورا کیا ؟ جواب ہے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی معیشت کا 70 فیصد ریونیو دیتا ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت کراچی کو مسلسل نظر انداز کررہی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا بحریہ ٹاون کو ریگولائز سپریم کورٹ نے کیا، بنی گالا کو سپریم کورٹ نے ریگولائزڈ کیا، سندھ حکومت نے نہیں کیا۔ حقائق جانیں گے تو چیزوں کی اصلیت کا پتہ چل جائیگا سارے الزمات سندھ حکومت پر لگتے ہیں مگر تھوڑا سوچنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دس سال بعد کہا گیا کہ کمرشلائزیشن غلط ہوئی، اسلام آباد کی زرعی زمین پر بلند و بالا عمارتیں بن رہی ہیں، اسلام آباد کی زرعی زمینوں پر عمارتوں سے متعلق کوئی سوال نہیں کرتا؟ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کی قوم پرست جماعتوں سے پہلے بھی بات کی اب بھی کریں گے، مگر جب ملک کے خلاف نعرے بازی ہو اور املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے تو قانونی کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سب کا حق ہے مگر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے، ناانصافی کسی کے ساتھ نہیں ہوگی، پیپلز پارٹی افہام و تفہیم پر اور جہموری رویوں پر یقین رکھتی ہے، بحریہ ٹاؤن کے پیسے جو سپریم کورٹ نے کہے ابھی تک سندھ حکومت کو نہیں ملے جو کہ سندھ کے عوام کا پیسہ ہے اور وہ پیسے سندھ کا حق ہے سندھ کو ملنے چاہئیں۔
خبر کا کوڈ : 938604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش