0
Friday 18 Jun 2021 13:20

لاہور میں مقیم ایرانی عوام کیلئے حق رائے دہی کیلئے اہتمام، پولنگ کا عمل جاری

لاہور میں مقیم ایرانی عوام کیلئے حق رائے دہی کیلئے اہتمام، پولنگ کا عمل جاری
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مقیم ایرانی عوام کیلئے قونصلیٹ کی جانب سے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس حوالے سے قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور میں پولنگ سٹیشن قائم کیا گیا جہاں ایرانی عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ لاہور میں مقیم ایرانیوں کیلئے صبح 8 بجے پولنگ کا آغاز ہوا۔ قونصل جنرل ایران لاہور محمد رضا ناظری نے بھی اس موقع پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ محمد رضا ناظری کا کہنا تھا کہ آج صبح سے اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں تیرہویں صدارتی انتخابات کے سلسلے میں ووٹنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رہبر معظم اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج بروز جمعہ ووٹنگ کے آغاز میں ہی حسینیہ امام خمینی (رہ) میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں موبائل بکس نمبر 110 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

محمد رضا ناظری کے مطابق ایران میں 5 کروڑ 93 لاکھ 10 ہزار اور 307 افراد ووٹنگ میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔ ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں عوام کی سہولت اور بھر پور شرکت کے پیش نظر 72 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدارتی انتخابات سے تین امیدوار دستبردار ہوگئے ہیں جن میں مہر علیزادہ، علی رضا زاکانی اور سعید جلیلی شامل ہیں۔ 3 امیدواروں کے صدارتی انتخابات سے دستبردار ہو جانے کے بعد اب چار امیدوار سید ابراہیم رئيسی، محسن رضائی، قاضی زادہ ہاشمی اور عبدالناصر ہمتی میدان میں موجود ہیں اور ایرانی عوام آج بروز جمعہ 18 جون کو ان میں سے کسی ایک کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کرکے اسے آئندہ چار سال کیلئے ایران کے صدر کے عنوان سے منتخب کریں گے۔ قابل ذکر بات ہے کہ دنیا کے 226 ذرائع سے تعلق رکھنے والے 500 غیر ملکی صحافی ایران میں ہونیوالے 13 ویں صدارتی انتخابات اور شہری، دیہی اسلامی کونسلز کے چھٹے الیکشن کی کوریج کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 938686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش