0
Friday 18 Jun 2021 22:39

دہلی فسادات کے تین ملزمان کی رہائی کیخلاف دہلی پولیس کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت

دہلی فسادات کے تین ملزمان کی رہائی کیخلاف دہلی پولیس کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت
اسلام ٹائمز۔ دہلی فسادات کے تین ملزمان آصف اقبال تنہا، دیوانگنا کالیتا اور نتاشا نارووال کی ضمانت پر رہائی کے خلاف آج دہلی پولیس کی عرضی پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف پولیس کی اپیل پر رہا ہونے والے تینوں کارکنان کو نوٹس جاری کئے ہیں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تین طلباء کارکنان کو ضمانت دینے والے دہلی ہائیکورٹ کے فیصلے کو دوسرے معاملوں میں ایسی ہی راحت پانے کے لئے مثال کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ تاہم کورٹ نے واضح کیا ہے کہ وہ ضمانت منظور کئے جانے کے معاملہ میں دخل نہیں دے گا۔

سماعت کے دوران سالیسٹر جنرل نے کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے ملک میں یو پی اے کے تمام معاملے متاثر ہوں گے، اس لئے حکم پر روک لگنا چاہیئے۔ اس طرح سے ہائیکورٹ نے تینوں کو معاملہ میں بری کر دیا ہے، اب تینوں باہر ہیں۔ انہیں باہر رہنے دیجیئے لیکن فیصلے پر روک لگنا چاہیئے۔ اختلاف رائے اور احتجاج کا مطلب لوگوں کی جان لینا نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح سے تو جس خاتون نے سابق وزیر اعظم کو دھماکہ سے اڑا دیا، وہ بھی احتجاج ہی کر رہی تھی۔ ہائیکورٹ نے یو اے پی اے کو ایک طرح سے غیر آئینی قرار دے دیا ہے۔ دہلی فسادات میں 53 لوگ مارے گئے اور 700 لوگ زخمی ہوئے۔ اب ہائیکورٹ کہتا ہے کہ یو اے پی اے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ دہلی ہائیکورٹ نے منگل کے روز انسداد غیر قانون سرگرمیاں قانون (یو اے پی اے) کے تحت دہلی فساد معاملہ میں نتاشا نارووال، دیوانگنا کالیتا اور آصف اقبال تنہا کی درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور جسٹس انوپ جے بھمبانی کی بنچ نے کہا کہ بادی النظر، یو اے پی اے کی دفعہ 15، 17 یا 18 کے تحت کوئی بھی جرم تینوں کے خلاف موجودہ معاملہ میں ریکارڈ کئے گئے مواد کی بنیاد پر عائد نہیں ہوتا۔ آصف اقبال تنہا جامعہ ملیہ اسلامیہ سے گریجویشن کر رہے ہیں۔ انہیں مئی 2020ء میں یو اے پی اے کے تحت دہلی فسادات کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جبکہ نارووال اور کالیتا جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کر رہی ہیں اور دونوں پنجرا توڑ تحریک سے وابستہ ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 938733
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش