0
Friday 18 Jun 2021 19:47

افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں، راغب نعیمی

افغانستان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں، راغب نعیمی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ افغانسان میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل قدر ہیں، امریکی افواج کے انخلا کے بعد امن و امان بحال رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ مذہب، رنگ و نسل اور قومیت کی بنیاد پر کسی کیخلاف پُرتشدد کارروائی نہیں ہونی چاہیئے۔ مسئلہ افغانستان کے حل کیلئے ریاست پاکستان اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہم ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے افغانستان کا دورہ کرنے سے کابل میں پاکستان کے بارے میں پیدا ہونیوالی سرد مہری پگھلنا شروع ہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خطبہ جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام امن و سلامتی، اخوت و بھائی چارے کا دین ہے۔ اسلام کے فلسفہ احترام انسانیت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم معاشرے اور دنیا بھر میں امن کیلئے اپنا کردار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے خاتمے کیلئے انسانیت کا احترام بہت ضروری ہے، ہمارے ہاں کسی کا دل دکھانا معمولی بات ہے، لیکن اس سے محبت و احترام ختم ہو جاتا ہے اور دلوں میں نفرتیں پیدا ہوتی ہیں اور اس نتیجہ میں آپس میں جھگڑے اور فساد جنم لیتے ہیں۔ لڑائی قبائل کے درمیان ہو یا دو ملکوں کے درمیان انسانیت کیلئے تباہی و بربادی کا پیغام لاتی ہے۔ مسئلہ افغانستان کے پُرامن حل کیلئے پوری دنیا کو مثبت کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام میں تمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، چاہے وہ جہاں کہیں بھی رہتے ہیں اور ان کا کسی بھی رنگ و نسل اور وطن سے تعلق ہو، جو کلمہ طیبہ پڑھ کر اسلام میں داخل ہو جاتا ہے، وہ بحیثیت مسلمان ہمارا دینی بھائی ہے۔ انسانیت کی ترقی اور تحفظ کیلئے ہر مسلمان کو اپنے اندر جذبہ ایثار و محبت پیدا کرنے کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 938745
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش