QR CodeQR Code

صدارتی انتخاب میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت چشم کشا ہے، مولانا عباس انصاری

18 Jun 2021 22:39

جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ نے کہا کہ امریکہ کے پر فتن صدارتی انتخابات اور ایران کے پُرامن صدارتی انتخابات سے صاف ظاہر ہوگیا کہ کہاں جمہوریت اور کہاں لاقانونیت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے سربراہ و بزرگ حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے ایران کے 13ویں صدارتی انتخاب میں ایرانی عوام کی فقیدالمثال شرکت کو چشم کشا قرار دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی عوام نے دشمن کی گھناؤنی سازشوں اور پروپیگنڈوں کا توڑ کرتے ہوئے خود مختار، شجاع اور غیور قوم ہونے کا ثبوت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام کو انتخابات سے دور رکھنے کے لئے عالمی سطح پر شیطانی طاقتیں متحد ہوگئی تھیں جنہوں نے صدارتی انتخاب میں منفی پروپیگنڈوں اور مختلف حربوں اور ہتھکنڈوں کے ذریعے شورش پھیلانے کی ناکام کوشش کی۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ ایران میں جس طرح  انتخابات پُرامن طور پر منعقد ہوئے اس سے واضح ہوگیا کہ اسلامی ایران میں  مجمہوریت کی جڑیں مضبوط اور مستحکم ہیں۔

مولانا عباس انصاری نے کہا کہ امریکہ کے پر فتن صدارتی انتخابات اور ایران کے پُرامن صدارتی انتخابات سے صاف ظاہر ہوگیا کہ کہاں جمہوریت اور کہاں لاقانونیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے رہبر عزیز آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای اور دیگر مراجع عظام کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے انتخابات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرکے دشمنان انقلاب کی تمام گھناؤنی سازشوں کو خاک میں ملادیا  اور اسلامی انقلاب و ایرانی قوم کی خودمختاری اور جمہوریت کی بقا کا شاندار مظاہرہ کیا۔ مولانا عباس انصاری نے آنے والے نئے صدر اور دیگر عہدیداروں کو پیشگی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مقام معظم رہبری کو بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نئی قیادت ایرانی قوم اور اسلامی انقلاب کی کامیابی و کامرانی کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 938746

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938746/صدارتی-انتخاب-میں-ایرانی-عوام-کی-بھرپور-شرکت-چشم-کشا-ہے-مولانا-عباس-انصاری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org