QR CodeQR Code

کراچی کے سیاسی و انسانی حقوق کی انکروچمنٹ کا بھی جائزہ لیا جائے، خالد مقبول صدیقی

18 Jun 2021 22:24

پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا گيا، دیوار سے لگانے کے بجائے دیوار میں چن دیا گيا ہے، دو سال سے تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ایوب خان کے دور سے ایک خاص ذہن کے تحت تجاویزات کرائی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی ہے کہ کراچی کے سیاسی و انسانی حقوق کی انکروچمنٹ کا بھی جائزہ لیا جائے۔ بہادر آباد میں قائم عارضی مرکز پر دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کراچی پر جعلی مردم شماری، جعلی حلقہ بندیاں، جعلی ڈومیسائل، جعلی ڈگریاں، جعلی لوگ، جعلی الیکشن اور جعلی نتائج کے ذریعے انکروچمنٹ کی گئی۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مردم شماری میں ڈنڈی نہیں ڈنڈا مارا گيا، دیوار سے لگانے کے بجائے دیوار میں چن دیا گيا ہے، دو سال سے تجاوزات ختم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، ایوب خان کے دور سے ایک خاص ذہن کے تحت تجاویزات کرائی گئیں۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ہم انصاف کے لئے ہمیشہ عدالتوں کی جانب دیکھتے رہے ہیں، سپریم کورٹ کے تجاوزات گرانے کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں، عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کی آڑ میں جو ہو رہا ہے اس کے خلاف ہیں، فیصلوں پر عملدرآمد کے طریقہ کار اور علاقوں کے چناؤ سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات کی اجازت دینے والے ہی اب اسے گرا بھی رہے ہیں، تجاوزات کی اجازت دینے والوں کو گرفتار کیا جانا چاہیئے۔ چیف جسٹس سے اپیل ہے ہمارے حقوق کی انکروچمنٹ پر بھی فیصلہ دیں۔


خبر کا کوڈ: 938758

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938758/کراچی-کے-سیاسی-انسانی-حقوق-کی-انکروچمنٹ-کا-بھی-جائزہ-لیا-جائے-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org