QR CodeQR Code

غیر ضروری گرفتاریاں، پولیس قواعد میں ترامیم پر متعلقہ اداروں میں اتفاق ہوگیا، مرتضیٰ وہاب

18 Jun 2021 23:19

ایک بیان میں سندھ حکومت کے ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پولیس قوانین کو مزید موثر اور بہتر بنارہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جاسکیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت کے ترجمان، مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے زیر صدارت پولیس ریفامرز اور شہید کوٹہ سے متعلق قائم سب کمیٹی کا اجلاس سندھ اسمبلی میں انکے دفتر میں ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری محکمہ قانون علی احمد بلوچ، اسپیشل سیکریٹری محکمہ داخلہ سہیل قریشی، ڈی آئی جیز پیر محمد شاہ، ذوالفقار لاڑک، ایڈیشنل سیکرٹری سمیت دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں پولیس رول 26 میں ترامیم کی گئیں تاکہ غیر ضروری گرفتاریوں سے متعلق شکایات اور عوامی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں گرفتاریوں سے متعلق پولیس اختیارات کو مزید بہتر بنانے کے لئے قواعد میں ترامیم کی گئی اس پر تمام متعلقہ اداروں میں اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے، سب کمیٹی کی منظوری کے بعد پولیس رولز سے متعلق قانون کو سندھ کابینہ میں منظوری کے لیگ پیش کیا جائیگا، جس کے بعد اسے منظوری کے لئے سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائیگا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پولیس قوانین کو مزید موثر اور بہتر بنارہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جاسکیں، اس موقع پر پولیس کے گرفتاریوں کے اختیارات پر سب کمیٹی میں غور کیا گیا اور تمام متعلقہ افسران کی مشاورت سے رولز میں ترامیم پر اتفاق رائے پیدا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد عوامی شکایات کا ازالہ ہے جبکہ پولیس کی جانب سے غیر ضروری گرفتاریوں کے حوالے سے جو عوامی شکایات ہیں انکا بھی ازالہ ممکن ہوسکے گا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہ خدمت کا سفر جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 938771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938771/غیر-ضروری-گرفتاریاں-پولیس-قواعد-میں-ترامیم-پر-متعلقہ-اداروں-اتفاق-ہوگیا-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org