0
Friday 18 Jun 2021 23:43

خواتین کو پُرفتن دور میں اپنی نسلوں میں ایمان کی آبیاری کرنی ہے، افشاں نوید

خواتین کو پُرفتن دور میں اپنی نسلوں میں ایمان کی آبیاری کرنی ہے، افشاں نوید
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی شوریٰ کی رکن افشاں نوید کا کہنا ہے کہ گزشتہ دس سال میں ٹیکنالوجی کی ترقی سے معاشرے میں تیزی سے تبدیلی واقع ہوئی ہے، جس کی بدولت ہماری اقدار و روایات میں بھی تیزی سے تبدیلی واقع ہو رہی ہے، ان بدلتے ہوئے حالات میں خواتین کی ذمہ داری دو چند ہو گئی ہے، ہمیں پُرفتن دور میں اپنی نسلوں میں ایمان کی آبیاری کرنی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع جنوبی کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں رکن مرکزی شوریٰ افشاں نوید نے موجودہ دور میں عورت کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے اسے نسل نو کا معمار قرار دیا اور عورت کو سب سے بڑھ کر گھر اور اولاد کی تربیت کا ذمہ دار بتایا۔

ناظمہ کراچی اسما سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر مسلمان بحیثیت داعی ایک بلند منصب پر فائز ہے، مقصد زندگی کو سمجھنے کے ساتھ اس کی حساسیت پیدا کرنا، دین کی فکر بیدار کرنا اور نئے افراد کو تحریک سے جوڑنا آخرت کی تیاری کے تقاضے ہیں۔ ناظمہ ضلع ذکیہ اقبال نے ''ربط باہم جو نہیں محفل انجم بھی نہیں'' کے موضوع پر افراد کار و نظم کے درمیان تعلق کا جائزہ لیتے ہوئے خوبیوں اور خامیوں سے آگاہ کیا اور ان کی اصلاح کی طرف توجہ دلائی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے خیر و عافیت کی دعا کے ساتھ اجتماع ارکان کا اختتام ہوا۔
خبر کا کوڈ : 938780
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش