QR CodeQR Code

ممبران قومی اسمبلی نے اپنے رویوں سے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی روایات میں سیاہ داغ لگا دیا، لیاقت بلوچ 

19 Jun 2021 00:17

جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی پہلا فورم ہے، جہاں تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہو اور انتخابی اصلاحات پر اتفاق پیدا کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن ممبرز کے جذباتی رویئے، دنگا، فساد، بداخلاقی، بدزبانی کے بعد یکدم سکون ثابت کر رہا ہے کہ جھگڑے اور سکون کا سوئچ کہیں سے آن آف ہوا۔ ممبران قومی اسمبلی نے اپنے رویوں سے سیاسی، جمہوری، پارلیمانی روایات میں سیاہ داغ لگا دیا ہے۔ ان رویوں کے ساتھ پارلیمنٹ عوام کے جذبات کی ترجمانی سے معذور ہی رہے گی۔ عوام بے خبر ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے یہ سارا کھیل کیوں اور کس کے لیے سجایا۔ حقیقت یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شدت جذبات، زبان کے عدم کنٹرول کے ساتھ سیاست کو شدت، انتہاء پسندی اور انتقام کا کھیل بنا دیا ہے۔ نفرتیں کوٹ کوٹ کر بھر دی گئی ہیں، جس کا انجام خراب ہے۔ آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام کی حفاظت کے لیے قومی قیادت کو بالغ النظر اور باشعور ہونے کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کے لیے حکومتی مسودہ متنازعہ ہے اور قومی اسمبلی سے اس کی منظوری بھی متنازعہ ہے۔ شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات اور اتفاق رائے کے ساتھ انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں۔ حکومت انتخابی اصلاحات کا قومی اسمبلی سے زبردستی منظور کردہ بل واپس لے اور قومی ڈائیلاگ اور اتفاق رائے سے انتخابی اصلاحات کا راستہ ہموار کرے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہی پہلا فورم ہے، جہاں تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہو اور انتخابی اصلاحات پر اتفاق پیدا کیا جائے۔ ایسے ہی مسودہ کی پارلیمنٹ منظوری دے۔ سیاسی جماعتیں اور ریاستی ادارے نام نہاد الیکٹیبلز کے ناسور سے قومی سیاست کو نجات دلائیں۔ امیدواران کو توڑنا، حکومتی ریاستتی اثر و رسوخ استعمال کرنا، ووٹرز کے ذہن کو مصنوعی ماحول میں رائے تبدیل کرنے کا دھندہ بند کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 938790

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938790/ممبران-قومی-اسمبلی-نے-اپنے-رویوں-سے-سیاسی-جمہوری-پارلیمانی-روایات-میں-سیاہ-داغ-لگا-دیا-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org