QR CodeQR Code

ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی آئی جی پنجاب سے ملاقات، محرم میں سکیورٹی امور پر گفتگو

19 Jun 2021 12:06

ملاقات کے دوران شیعہ علماء نے آئی جی پنجاب کو آمدِ محرم پر مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے سربراہ اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے مسائل سننے اور انکے ازالے کیلئے فوری ہدایات جاری کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ ہر ممکن تعاون اور سپورٹ فراہم کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے 9 رکنی وفد نے آئی جی پنجاب پولیس انعام غنی سے سی پی او میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شیعہ علماء نے آئی جی پنجاب کو آمدِ محرم پر مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی سمیت دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد کے سربراہ اور مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے مسائل سننے اور ان کے ازالے کیلئے فوری ہدایات جاری کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس نے ہمیشہ ہر ممکن تعاون اور سپورٹ فراہم کی ہے۔

علامہ حسن رضا ہمدانی نے امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کیلئے پنجاب پولیس کے تعاون کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹیمیں جس فرض شناسی کیساتھ اپنے فرائض ادا کرتی ہیں، اس پر وہ پوری کمیونٹی کی جانب سے پنجاب پولیس کے شکر گزار ہیں۔ دوران ملاقات علمائے کرام نے گزشتہ جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں افسر رضا خان، علامہ حسن رضا ہمدانی سمیت 9 علمائے کرام شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی آپریشنز صاحبزادہ شہزاد سلطان بھی موجود تھے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے علمائے کرام کا باہمی تعاون اور مذہبی رواداری وقت کی اہم ضرورت ہے، چنانچہ تمام مکاتب فکر کے علماء کیساتھ ساتھ شہریوں کو بھی ملکی سالمیت اور سماجی امن و اتحاد کیلئے اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا ہوگا اور ہمیں بحیثیت قوم خود میں برداشت اور درگزر کو مزید بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیمیں امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کے فرائض جانفشانی اور مکمل ذمہ داری کیساتھ ادا کر رہی ہیں۔

آئی جی نے کہا شیعہ کمیونٹی کو درپیش مسائل کا حل مستقبل میں بھی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں اہل تشیع عمائدین کیساتھ کلوز کوارڈینیشن رکھیں، تاکہ مقدس ایام کے دوران سکیورٹی کے بہتر سے بہتر انتظامات کئے جا سکیں اور ساتھ ہی ساتھ شیعہ کمیونٹی کے مسائل اور شکایات کے ازالے میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔


خبر کا کوڈ: 938853

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938853/ایم-ڈبلیو-کے-وفد-کی-ا-ئی-جی-پنجاب-سے-ملاقات-محرم-میں-سکیورٹی-امور-پر-گفتگو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org