0
Saturday 19 Jun 2021 13:38

عمران خان کا افغانستان میں فوجی کارروائی کیلئے امریکا کو اڈے دینے سے انکار

عمران خان کا افغانستان میں فوجی کارروائی کیلئے امریکا کو اڈے دینے سے انکار
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں فوجی کارروائی کیلئے امریکا کو پاکستان میں اڈے دینے سے صاف انکار کر دیا۔ امریکی ٹی وی ایچ بی او کے پروگرام ایگزیوس کے اینکر جوناتھن سوان کو انٹرویو میں عمران خان نے یہ بات کہی۔ اینکر نے پوچھا کیا آپ امریکی حکومت کو اس بات کی اجازت دیں گے کہ وہ سی آئی اے کے ذریعے پاکستان سے سرحد پار القاعدہ، داعش اور طالبان کے خلاف انسداد دہشت گردی کارروائیاں کرے۔ اس سوال کے جواب میں وزیراعظم عمران خان نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ بالکل نہیں، کسی صورت نہیں، ہم امریکا کو پاکستانی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی طرح کی کارروائی کیلئے کوئی اڈہ نہیں دیں گے۔ سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کا امریکی اینکر کو یہ دو ٹوک جواب وائرل ہوگیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا یہ انٹرویو پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح 3 بجے نشر ہوگا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان امریکا کو کسی بھی صورت اڈے نہیں دے گا۔ غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے واضح کر دیا کہ پاکستان امریکا کو کسی بھی صورت اپنے ہوائی اڈے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ پاکستان سی آئی اے یا امریکا کی سپیشل فورسز کو پاکستان کی سرزمین سے افغانستان میں کسی بھی قسم کی کارروائی کی اجازت دے۔ یاد رہے کچھ روز قبل ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے پاکستان میں امریکی ایئر بیس کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان باتوں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ہے، پاکستان میں کوئی بھی امریکی بیس نہیں ہے، ایسی کوئی تجویز زیر غور تھی نہ ہے، پاکستان میں امریکی بیس سے متعلق قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیئے، پاکستان اور امریکا کے درمیان 2001ء سے ایئر لائن آف مواصلات فریم ورک ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 2001ء سے ایئر لائن آف کمیونی کیشن (اے ایل او سی) اور گراؤنڈ لائنز آف کمیونی کیشن (جی ایل او سی) کوآپریشن ہے، پاکستان نے امریکا کیساتھ کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا۔
خبر کا کوڈ : 938883
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش