0
Saturday 19 Jun 2021 22:40

بلوچستان حکومت اور اتحادیوں کیجانب سے اپوزیشن کیخلاف تحریک استحقاق جمع

بلوچستان حکومت اور اتحادیوں کیجانب سے اپوزیشن کیخلاف تحریک استحقاق جمع
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان اسمبلی کے واقعہ کے بعد حکومت کے ارکان نے متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی ارکان کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز صوبائی حکومت کے وزراء میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ، انجینیئر زمرک خان اچکزئی، میر اسداللہ بلوچ، عبدالخالق ہزارہ، میر ضیاء اللہ لانگو، مشیر و پارلیمانی سیکرٹریز میر گہرام خان بگٹی، حاجی محمد خان لہڑی، مبین خان خلجی بشریٰ رند اور خلیل جارج کے دستخطوں سے مرتب کردہ تحریک استحقاق بلوچستان اسمبلی کے سیکرٹری کو جمع کروا دی گئی ہے۔ تحریک استحقاق کے متن کے مطابق بجٹ اجلاس سے پہلے اپوزیشن اراکین کی جانب سے غیر سنجیدہ، غیر پارلیمانی، غیر آئینی اقدام اور نازیبا ریمارکس استعمال کئے گئے۔ حکومتی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے احاطے میں نہ صرف اپنی جماعت کے کارکنان کو اکٹھا کرکے صوبائی وزراء پر حملے کی کوشش کی، بلکہ اسمبلی کے ملازمین کو بھی احتجاج پر اکسایا۔ اس کے علاوہ حکومت کو آئینی اور قانونی حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی۔ حکومتی نمائندوں کو اسمبلی میں داخل نہیں ہونے دیا گیا، اسمبلی کے دروازوں کو تالے لگائے گئے اور جب وہ کسی طرح اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوئے تو ان پر حملہ کروایا گیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں تھوڑ پھوڑ کی گئی، حکومتی نمائندوں پر پتھراؤ کیا گیا اور مقدس ایوان کے تقدس کو نہ صرف پامال کیا گیا بلکہ خاتون رکن صوبائی اسمبلی پر حملہ کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اپوزیشن ممبرز کے اس سنگین، مکروہ اور غیر پارلیمانی رویئے سے نہ صرف حکومت کا بلکہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 938971
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش