QR CodeQR Code

کراچی مکمل طور پر اسٹریٹ کرمنلز اور قاتلوں کے رحم و کرم پر ہے، محمد حسین محنتی

19 Jun 2021 23:58

صوبائی امیر نے کہا کہ سندھ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں اور راشی افسران کرائم پر کنٹرول کرنے کی بجائے سندھ حکومت کی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ رضا ذوالفقار کی دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ حکومتی نااہلی اور قیام امن کے دعویدار حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، کراچی تا کشمور سندھ میں امن و امان کی خراب صورتحال، بڑھتی ہوئی لوٹ مار کی وارداتوں سے لگ رہا ہے کہ عملی طور صوبہ کے عوام کو جرائم پیشہ افراد کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کراچی گرین ٹاؤن کے دیرینہ رکن اور سابق یوسی ناظم ذوالفقار چوہدری کے صاحبزادے رضا ذوالفقار کے بہیمانہ قتل پر ان کی رہائش گاہ عظیم پورہ پہنچ کر واقعے کی مذمت اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ موجودہ سندھ حکومت گذشتہ تیرہ سالوں سے صوبے میں برسراقتدار ہے، لیکن عوام کو بنیادی زندگی کی سہولیات تو دور کی بات اب ان کی جان و مال بھی محفوظ نہیں ہے، صوبے کا دارلخلافہ روشنیوں کا شہر مکمل طور پر اسٹریٹ کرائم اور قاتلوں کے رحم و کرم پر، جبکہ باقی ماندہ شہروں اور دیہات پر ڈاکو راج مسلط ہے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں اور راشی افسران کرائم پر کنٹرول کرنے کی بجائے سندھ حکومت کی کاسہ لیسی میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت صوبہ میں ڈاکو راج کے خاتمے، امن و امان کی بحالی اور مقتول رضا ذوالفقار کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار پہنچانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے، جو حکومت اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ بھی نہیں کر سکتی، اسے عوام کے سرپر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 938992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/938992/کراچی-مکمل-طور-پر-اسٹریٹ-کرمنلز-اور-قاتلوں-کے-رحم-کرم-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org