0
Sunday 20 Jun 2021 18:59

ایم ڈبلیو ایم کل محکمہ اوقاف کے باہر احتجاج کرے گی، علامہ اسدی

ایم ڈبلیو ایم کل محکمہ اوقاف کے باہر احتجاج کرے گی، علامہ اسدی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے 21 جون بروز سوموار محکمہ اوقاف کے دفتر کے باہر لاہور کے علمائے کرام کے ہمراہ علامتی احتجاجی مظاہرے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مہذب آئنی و قانونی راستے اپنا کر دیکھ چکے ہیں، حکومتی وزراء سے لے کر ذمہ دار بیوروکریٹس سوائے زبانی جمع خرچ کے کسی قسم کے ٹھوس اقدامات کرنے میں مکمل ناکام ہیں۔ تمام ذمہ داران ہمارے موقف کی تائید تو کرتے ہیں تاہم مثبت عملی اقدام بجا لانے سے قاصر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں علمائے کرام کے نمائندہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ دوسری جانب 21 جون کو محکمہ اوقاف کے باہر ہونیوالے احتجاجی مظاہرے کے انتظام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ احتجاجی مظاہرے کی انتظامی کمیٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسدی کو بتایا کہ لاہور کے تمام علماء سے رابطے مکمل ہو گئے ہیں، علامتی مظاہرے میں بیسیوں علمائے کرام کی  شرکت ہو گی۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ ملت جعفریہ کیساتھ مسلسل امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ علما بورڈ سمیت امن کمیٹیاں ہوں یا دیگر ادارے اہل تشیع کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ متحدہ علماء بورڈ میں جب تک اہل تشیع علمائے کرام کی نمائندگی دیگر مسالک کے علماء کے برابر نہیں کر دی جاتی ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ علماء کے علامتی احتجاج کے بعد 25 جون کو عوامی علامتی احتجاج بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے جائز مطالبات پورے نہ کئے گئے تو مجبور ہیں کہ کارکنوں کو پورے پنجاب سے لاہور کی طرف آنے کی کال دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والے بھی شیعہ تھے اور پاکستان بچانے میں بھی اہل تشیع کا کلیدی کردار ہے، اس کے باوجود ہمارے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا شکار بھی ہم ہی ہوتے رہے ہیں، اس کے باوجود تکفیروں کو ترجیح دی جا رہی ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
خبر کا کوڈ : 939026
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش