QR CodeQR Code

فرقہ وارانہ بنیاد پر عوام کو تقسیم کرنیکا خطرناک کھیل آخر کب تک کھیلا جائیگا، مولانا ارشد مدنی

20 Jun 2021 17:45

جمعیۃ علماء ہند کے صدر نے کہا کہ یہ مذہبی منافرت ملک کو ترقی نہیں تباہی کے راستہ پر لے جارہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ریاست ہریانہ کے میوات، غازی آباد اور ملک کے دوسرے مقامات پر حالیہ دنوں ہجومی تشدد اور متعدد مساجد کی شہادت اور بے حرمتی کے افسوسناک واقعات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ یہ مذہبی منافرت ملک کو ترقی نہیں تباہی کے راستہ پر لے جارہی ہے۔ آج یہاں جاری اپنے ایک بیان میں بھارت کے موجودہ نفرت کے ماحول پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہب کے نام پر ملک بھر میں جو خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، اس سے سماجی طور پر نفرت کی خلیج مزید گہری ہوتی جارہی ہے اور ایک بار پھر خوف و دہشت کا ماحول تیار ہو رہا ہے، جس کی نحوست سے ملک ہمہ جہت تنزل کا شکار ہے اور یہ صرف اور صرف تباہی کا راستہ کا ہے۔

مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے جب کورونا کی دوسری لہر انسانی جانوں کو نگل رہی تھی تو لوگ مذہب سے اوپر اٹھ کر ایک دوسرے کی مدد کر رہے تھے، ہندو مسلم، سکھ عیسائی سب ایک ساتھ آکر کورونا متاثرین کا تعاون اور مدد کر رہے تھے، تب یہ محسوس ہو رہا تھا کہ جو کام ہمارے حکمراں اور سیاستداں نہیں کر سکے، اس کو کورونا کے زیر اثر پیدا ہوئے انسانی ہمدردی کے جذبہ نے پورا کر دکھایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تب پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے لیکر سوشل میڈیا تک یہ کہا جانے لگا تھا کہ اس وبا نے تمام ہندوستانیوں کو متحد کردیا ہے اور اس منافرت کی دیوار کو مسمار کر دیا ہے، جو فرقہ پرست پارٹیوں اور تنظیموں نے اپنے سیاسی مفاد کے لئے ان کے درمیان کھڑی کردی تھی، تب ملک کے ہر امن پسند شہری نے اطمینان کا سانس لیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 939096

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939096/فرقہ-وارانہ-بنیاد-پر-عوام-کو-تقسیم-کرنیکا-خطرناک-کھیل-آخر-کب-تک-کھیلا-جائیگا-مولانا-ارشد-مدنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org