0
Friday 7 Aug 2009 11:29

امریکی دہشت گردی کے 64 برس،جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ

امریکی دہشت گردی کے 64 برس،جماعت اسلامی کا احتجاجی مظاہرہ
کراچی:جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر غفور احمد نے کہا ہے کہ امریکا نے جاپان کے شہروں پر ایٹم بم گرا کر جس عالمی دہشت گردی کا آغاز کیا تھا وہ آج بھی جاری ہے ۔ پوری دنیا میں دہشت گردی امریکا کی شناخت بن چکی ہے ۔ سپر پاور ہونے کا مطلب دہشت گردی کا مظاہرہ نہیں بلکہ انسانیت کی فلاح کے لیے کام کرنا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ” ہیروشیما ریلی “ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ریلی کے شرکاء نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی کی قیادت میں ایمپریس مارکیٹ سے ریگل چوک تک مارچ کیا ۔ ہیروشیما ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور امریکا کی عالمی دہشت گردی کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر عالمی دہشت گرد امریکا،دہشت گرد اسلام نہیں امریکا ہے،امریکا کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے،امریکیوں کا ایک علاج الجہاد الجہاد،اور دیگر نعرے درج تھے ۔ ریلی سے جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی،سیکرٹری حافظ نعیم الرحمن، سابق اراکین صوبائی اسمبلی نصراللہ خان شجیع،حمید اللہ خان ایڈووکیٹ،محمد یونس بارائی اور جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کے رہنما یونس سوہن ایڈووکیٹ نے خطاب کیا ۔ واضح رہے کہ 6 اگست 1945ء کو امریکا نے جاپان کے شہر ہیروشیما پر ایٹم برسا کر عالمی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا تھا جس کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ امریکا کے اس ایٹمی حملے کے نتیجے میں 3 لاکھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر غفوراحمد نے کہا کہ آج پوری دنیا میں دہشت گردی امریکا کی شناخت بن چکی ہے امریکی شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حکومت پر دباﺅ ڈالیں کہ وہ دہشت گردی کا رویہ ترک کر دے۔ امریکا سپر پاور ہے اس سے توقع تھی کہ وہ انسانوں کی بھلائی کیلئے کام کرے گا مگر آج اس کے وسائل انسانیت کے خاتمے کے لئے استعمال کیے جا رہے ہیں۔امریکا نے ایٹم بم استعمال کر کے جس دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا انجام بھی دردناک ہونے والا ہے۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ امریکا نے آج کے دن دنیا میں دہشت گردی کی بنیاد رکھی،امریکا ہی نے سب سے پہلے ایٹم بم بنایا اور اسے انسانوں پر گرایا،امریکا دہشت گردی کا چیمپئن بن چکا ہے،ویتنام میں جنگ مسلط کی،کمبوڈیا،لاﺅس میں مظالم ڈھائے،سوڈان،صومالیہ میں اپنی فوجیں اتاریں،عراق اور افغانستان میں بمباری کی گئی،مگر آج بھی امریکا کی خونی پیاس نہیں بجھی۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کا ڈراما رچا کر افغانستان کو تباہ کیا، 1 لاکھ افراد کو شہید کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پوری دنیا پرجنگ مسلط کرنے والا آج انسانی حقوق کا چیمپئن بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سماج پر آج امریکا راج کر رہا ہے ہم ابھی تک آزاد نہیں ہوئے ۔نصراللہ خان شجیع نے کہا کہ 6 اگست امریکا کی عالمی دہشت گردی کا دن ہے امریکا نے جاپان پر ایٹم بم برسا کر ثابت کر دیا کہ وہ دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے ۔یونس بارائی نے کہا کہ اگر عالمی دہشت گرد کوئی ہے تو وہ امریکا ہے ایٹم بم مار کر امریکا نے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ۔حمید اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ امریکا نے سب سے پہلے عالمی دہشت گردی کامظاہرہ کیا اس کی یہ دہشت گردی آج بھی جاری ہے۔ افغانستان میں اپنی شکست کا بدلہ امریکا پاکستان سے لینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری کیانی اور گیلانی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ یونس سوہن ایڈووکیٹ نے کہا کہ امریکا دنیا کا دہشت گرد ملک ہے، وہ پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلانا چاہتا ہے، حکومت امریکا کی پالیسی ترک کر کے آزادانہ پالیسی تشکیل دے۔



خبر کا کوڈ : 9391
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش