0
Sunday 20 Jun 2021 22:53

سکردو، عوامی ملکیتی زمینوں پر قبضے کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج

سکردو، عوامی ملکیتی زمینوں پر قبضے کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، شدید احتجاج
اسلام ٹائمز۔ ایئر پورٹ کیلئے ہزاروں کنال زمین بغیر معاوضہ حاصل کرنے کے خلاف گمبہ سکردو میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور زمین ہتھیانے پر حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماوں نجف علی، شبیر مایار، شریف آخونزادہ اور دیگر نے کہاکہ ایک علاقے میں دوہرا معیار چل رہا ہے۔ ایک خطے میں دو دو الگ قانون نہیں چلنے دیں گے۔ ایک طرف لوگوں کو پہاڑوں کے بھی معاوضے ادا کئے جائیں اور دوسری جانب لوگوں سے زمین طاقت کے بل بوتے پر چھینی جائیں، یہ عمل ہمارے لئے ناقابل برداشت ہوگا۔ حکومت کو زمین درکار ہے تو معاوضہ دیکر اٹھائے، مفت خوری اب نہیں چلے گی۔ ایئرپورٹ کیلئے پہلے ہی ہزاروں کنال زمین دی جا چکی ہے، مزید قربانی کا بکرا بننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔

مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ٹھیک ہے آپ کو زمین کی ضرورت ہے تو معاوضہ ادا کریں، معاوضے کی ادائیگی کے بغیر ایک انچ زمین کسی سرکاری مقصد کیلئے نہیں دی جائے گی۔ ایک ڈویژن میں بنجر آراضی کے معاوضے کروڑوں میں ادا کئے جائیں، دوسرے ڈویژن کے لوگوں سے مفت میں زمینیں لینے کی کوشش کی جائے تو عوام کیسے خاموش رہیں گے، ہم وطن کے سب سے بڑے محافظ ہیں، ہماری قربانیوں اور شرافت کا غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے۔ ہم زمین دینے کیلئے بالکل تیار ہیں بشرطیکہ حکومت معاوضہ ادا کرے ہم خود کو تباہی میں ڈال کر کسی کیلئے قربانی کیوں دیں، پرامن احتجاج سے مسئلہ حل نہ ہوا تو بھوک ہڑتال کریں گے، دھرنا دیں گے، شیرخوار بچوں کو بھی ساتھ لے آئیں گے، انصاف کے حصول کیلئے آخری حد تک جائیں گے، کبھی سستی اور بزدلی کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 939123
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش