QR CodeQR Code

 ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں میں کرپٹ افسران رکاوٹ ہیں، کرامت علی شیخ 

20 Jun 2021 22:58

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی جنوبی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کرپٹ افسران کی وجہ سے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام ہونے پر ایک سال گزرنے کے باوجود کنٹریکٹرز کو بلوں کی ادائیگیاں نہ ہو سکی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے ممبر نیشنل کونسل وصدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ نے کہا ہے کہ ایوانوں میں بیٹھے مقتدر طبقہ کی نااہلی کی وجہ سے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں کرپٹ افسران سب سے بڑی رکاوٹ ہیں جس کی وجہ سے خطہ کے عوام میں احساس محرومی پایا جاتا ہے، اگر آج ملتان کی ترقی و خوشحالی کے اربوں روپے کے فنڈز لیپس ہوئے تو اس کے سب سے زیادہ ذمہ دار ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راتیمور، الیاس رحمانی، فہد کھوسہ کے ہمراہ پاکستان ہاوس ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کرپٹ افسران کی وجہ سے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام ہونے پر ایک سال گزرنے کے باوجود کنٹریکٹرز کو بلوں کی ادائیگیاں نہ ہو سکی ہیں، کیونکہ متعلقہ کرپٹ افسران بلوں کی ادائیگی کی مد میں اوپر حصہ دینے کے سلسلے میں لاکھوں روپے کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ ایسے ہی کرپٹ افسران کی وجہ سے ایک ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی فنڈ جو کہ ملتان کی ترقی و خوشحالی کے لئے لگنا تھا جس میں فلٹریشن پلانٹس، روڈز، سیوریج، واٹر سپلائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے ہیں مگر افسوس کہ ماہ جون کی تیس تاریخ کو ایک ارب روپے سے زائد کا فنڈ واپس چلے جانے کا اندیشہ لاحق ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے یقینا خطہ کے لوگوں میں مزید احساس محرومی پایا جائے گا، اسی لئے اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب، کمشنر ملتان ڈویژن سنجیدگی سے نوٹس لیں کیونکہ کنٹریکٹرز میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ دراصل ایسے کرپٹ افسران ہیں جو بروقت کام ہونے کے باوجود بروقت ادائیگیاں دینے کی مد میں لاکھوں روپے کی رشوت وصول کرتے ہیں۔ اگر میٹروپولیٹن کارپوریشن انتظامیہ نے ملتان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرنے والوں کو بلوں کی دو روز کے اندر ادائیگیاں نہ کیں اور ایک ارب روپے کے فنڈز واپس گئے تو پی ایس پی ذمہ دار افسران کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ترقیاتی کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے والی سب سے زیادہ ٹیکسز دینے والی کمپنیز کو فوقیت دی جاتی ہے اور پاکستان میں ان کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیا جاتا ہے اس سے بڑی بدقسمتی اور کیا ہوگی اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب فی الفور سنجیدگی سے نوٹس لیں۔


خبر کا کوڈ: 939124

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939124/ملتان-سمیت-جنوبی-پنجاب-میں-ترقیاتی-کاموں-کرپٹ-افسران-رکاوٹ-ہیں-کرامت-علی-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org