0
Sunday 20 Jun 2021 23:13

شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال

شاہ محمود قریشی کی ترک وزیر خارجہ سے ملاقات، علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے انتالیہ میں ترکی کے وزیرخارجہ میولت چاوش اوغلو سے ملاقات کی، دوران ملاقات دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخارجہ نے انطالیہ سفارتی فورم کے کامیاب انعقاد پر ترک ہم منصب کو مبارکباد دی اور بہترین انتظامات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیرخارجہ نے انطالیہ سفارتی فورم کے زیراہتمام منعقدہ مذاکرے بعنوان "ایشیا و علاقائی روابط" میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے خطاب کی تعریف کی۔ ملاقات میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتالیہ فورم میں دنیا بھر سے اعلی سطحی قیادت کی شرکت، اس فورم کی کامیابی کا مظہر ہے، انطالیہ سفارتی فورم کی بدولت کثیر تعداد میں مختلف ممالک کے رہنماوں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کے بہترین موقع میسر آئے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل (HLSCC) کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی۔ پاکستان اور ترکی کے مابین اس اعلی سطحی اسٹریٹیجک تعاون کونسل کا ساتواں اجلاس رواں سال ترکی میں متوقع ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل اور افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلا کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خودمختار اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ پاکستان افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
خبر کا کوڈ : 939126
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش