QR CodeQR Code

40 سالہ سفارتی تجربے نے ثابت کر دیا کہ ایران ہر قسم کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے، فلسطینی مزاحمتی محاذ

20 Jun 2021 23:19

فلسطینی مزاحمتی محاذ کیجانب سے جاری ہونیوالے متعدد بیانات میں نومنتخب ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ ایرانی قوم کی یہ کامیابی اُن صیہونی-مغربی سازشوں کا منہ توڑ جواب ہے جسنے فلسطینی مزاحمتی محاذ کو مسلسل اپنی زد پر رکھا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے ایران کے نومنتخب صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو بھاری مینڈیٹ کے ساتھ عوامی انتخاب پر مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ عرب ای مجلے العہد نیوز کے مطابق فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کے سیکرٹری جنرل ایمن الششنیہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تاکید کی گئی ہے کہ ایران کے گذشتہ 4 دہائیوں پر محیط سفارتی تجربے نے ثابت کر دیا ہے کہ ایرانی قوم ہر قسم کے چیلنج کے بھرپور مقابلے اور عالمی استکباری طاقتوں کے سامنے قیام کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں فلسطینی مجاہدین کی تنظیم کے ڈپٹی سیکرٹری سالم عطاء اللہ نے بھی اپنے ایک الگ پیغام میں آیت اللہ رئیسی کو بھاری مینڈیٹ کے ساتھ عوامی انتخاب پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس کے ساتھ ساتھ ایران میں کامیاب صدارتی انتخابات کے انعقاد پر بھی ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور ایرانی قوم کی اس کامیابی کو اُن صیہونی-مغربی سازشوں کا منہ توڑ جواب قرار دیا جس نے فلسطینی مزاحمتی محاذ کو مسلسل اپنی زد پر رکھا ہوا ہے۔ سالم عطاء اللہ نے اپنے بیان میں فلسطینی مزاحمتی محاذ کے خلاف مغربی جاسوس تنظیموں کے گھناؤنے منصوبوں کی شکست اور فلسطینی قوم اور اس کے مزاحمتی محاذ کی کھلی حمایت میں ایرانی قوم کے موثر کردار کو سراہتے ہوئے تاکید کی کہ ہم غاصب صیہونی رژیم کی دہشتگردی اور امریکی غنڈہ گردی سے مقابلے کے لئے اسلامی مزاحمتی محاذ کے ساتھ ایرانی قوم کی زیادہ سے زیادہ یکجہتی اور حمایت کا دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔

فلسطینی اخبار فلسطینی الیوم کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سیکرٹری سیاسیات یوسف الحساینہ نے بھی اپنے ایک علیحدہ بیان میں نومنتخب ایرانی صدر آیت اللہ رئیسی کو مبارکباد پیش کی اور ان کے انتخاب کو ایک ایسی عظیم کامیابی قرار دیا کہ جس کے ذریعے اسلامی انقلاب اور اس کے مقام کو نہ صرف ایران بلکہ دنیا بھر میں استحکام حاصل ہوا ہے۔ یوسف الحساینہ نے فلسطینی قوم اور اس کے مزاحمتی محاذ کو حاصل تہران کی کھلی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کی جاسوس تنظیموں اور ان کے پروردہ سینکڑوں میڈیا چینلز کی جانب سے ایران کے اندرونی حالات کو نشانہ بنانے کی خاطر رہبر انقلاب اسلامی کے عالیشان مقام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں اور آشکار حملوں کے باوجود؛ اصیل، بیدار اور اسلامی انقلاب کی بڑی حامی ایرانی قوم نے نہ صرف گھٹنے ٹیکنے سے انکار کر دیا بلکہ ایرانی عوام نے وسیع تعداد میں انتخابات میں شرکت کر کے یہ بھی ثابت کر دیا ہے کہ یہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عوام کا ہی عزم ہے جس نے تاحال اسلامی انقلاب کے رستے کو زندہ رکھا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 939128

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/939128/40-سالہ-سفارتی-تجربے-نے-ثابت-کر-دیا-کہ-ایران-ہر-قسم-کے-چیلنجوں-کا-مقابلہ-سکتا-ہے-فلسطینی-مزاحمتی-محاذ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org